موکی (چین)، 8 ستمبر (یو این آئی) دفاعی چیمپئن ہندوستانی خواتین ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کو ایشیائی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان کو 7-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے ایلیٹ گروپ میں اپنا ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے آخری آٹھ ٹیموں کے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ کوریا کو 4-1 اور ملائیشیا کو 11-1 سے شکست دینے کے بعد ہندوستان نے جاپان کے خلاف بھی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ابتدا ہی سے میچ پر اپنا غلبہ برقرار رکھا۔
مقابلہ مکمل طور پر ہندوستان کے حق میں رہا اور ٹیم نے وقفے وقفے سے گول کرتے ہوئے جاپان کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ کرشنا شرما نے پانچویں منٹ میں گول کرکے کھاتہ کھولا، چار منٹ بعد سپریا نے پنالٹی اسٹروک کو گول میں تبدیل کیا، جبکہ 14ویں منٹ میں پورنیما یادو کے گول کی بدولت ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں 3-0 کی برتری حاصل کرلی۔
دوسرے کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا۔ جاپان نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے واپسی کی کوشش کی، جبکہ ہندوستان اپنی برتری بڑھانے کے مواقع تلاش کرتا رہا۔ تاہم دونوں ٹیمیں اسکور میں اضافہ نہ کرسکیں اور ہاف ٹائم پر ہندوستان کو 3-0 کی آرام دہ برتری حاصل رہی۔
تیسرے کوارٹر کے آغاز میں بھی جاپان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی دفاع نے اس کی تمام کوششیں ناکام بنادیں۔ ہندوستان نے رفتار تیز کی تو پانچ منٹ کے اندر تین گول کرکے جاپان کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کردیں۔ گیتا یادو نے 41ویں اور 45ویں منٹ میں دو گول کرکے ہندوستان کی برتری 5-0 کردی، جبکہ اگلے ہی منٹ پورنیما یادو نے ایک اور گول داغ دیا۔
آخری کوارٹر میں بھی ہندوستان نے جاپانی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا اور 50ویں منٹ میں سانیکا چندرکانت کے گول کے ساتھ 7-0 کی شاندار فتح یقینی بنادی۔

تین میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ ہندوستان اس وقت ایلیٹ پول میں سرفہرست ہے۔ پول میں پہلی پوزیشن طے کرنے کے لیے ہندوستان کل اپنے آخری لیگ میچ میں چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود چین کا سامنا کرے گا۔