نئی دہلی4مارچ: دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت نے پیر کے روز بجٹ اجلاس کے دوران خواتین کے لیے ایک اہم اعلان کیا ہے۔ دہلی حکومت کی وزیر آتیشی نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کیجریوال حکومت اب 18 سال سے زیادہ عمر کی ہر خاتون کو ہر مہینے ایک ہزار روپے فراہم کرے گی۔ یہ رقم مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا کے تحت دی جائے گی۔ اعلان کرتے ہوئے آتشی نے کہا، دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال بڑے بھائی کا فرض نبھاتے ہوئے سال 2024-25 کے لیے ایک انقلابی منصوبہ لے کر آ رہے ہیں۔ یہ غالباً 2024-25 کے بجٹ کا سب سے اہم اقدام ہے۔ اس منصوبہ کا نام مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا ہے۔‘‘ آتیشی نے کہا، ’’اس کے تحت 18 سال کی عمر سے زیادہ کی ہر خاتون کو ہزار روپے مہینہ کی رقم دی جائے گی۔ بہن بیٹیوں کو گھر کے بڑے ہاتھ میں پیسے رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال دہلی کے خاندان کے بڑے کے طور پر دہلی کی بہن بیٹیوں کے لیے ایک بہت بڑا قدم اٹھا رہے ہیں۔‘‘ دہلی حکومت نے ابھی تک یہ نہیں بتایا ہے کہ اس اسکیم کو کس تاریخ سے لاگو کیا جا رہا ہے، لیکن حکومت اس سال ہی اس اسکیم کو نافذ کر سکتی ہے۔ اسے لوک سبھا انتخابات کے بعد لاگو کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگلے چند مہینوں میں دہلی کی خواتین کو ہر ماہ ایک ہزار روپے کی مالی مدد ملنا شروع ہو جائے گی۔ فی الحال اس اسکیم سے متعلق شرائط و ضوابط کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے، اس اعلان کے بعد چند دنوں میں مکھیہ منتری مہیلا سمان یوجنا کے لیے درخواست اور اس کے قواعد کی وضاحت کی جا سکتی ہے۔ دیگر اسکیموں کی طرح یہ رقم بھی خواتین کے کھاتے میں براہ راست جمع کی جا سکتی ہے۔