نئی دہلی یکم جنوری:2023 کے آخری دن ملک بھر میں لوگوں نے نئے سال 2024 کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد کے پیغامات بھی دیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ہم وطنوں کو مبارکباد کا پیغام دیا، لیکن ان کے پیغام میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں غزہ کے اندر مارے گئے لوگوں کا ذکر بھی کیا گیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پیغام میں “آئیے ہم غزہ میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھیں جو اپنی زندگی، وقار اور آزادی کے حق پر انتہائی غیر منصفانہ اور غیر انسانی حملے کا سامنا کر رہے ہیں۔”انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ایک طرف ہمارے بچے جشن منا رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ دنیا کے نام نہاد لیڈر خاموشی سے دیکھتے رہتے ہیں اور اقتدار کے لالچ کی تلاش میں لاپرواہی سے آگے بڑھتے ہیں۔ پھر وہ لاکھوں لوگ ہیں جو غزہ میں ہونے والے خوفناک تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں، اور وہ لاکھوں دلیر دل ہمیں ایک نئے کل کی امید دلاتے ہیں۔ ان میں سے ایک بنو۔” قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں آواز اٹھاتی رہی ہیں اور غزہ پر حملوں کے حوالے سے مسلسل جنگ بندی کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں ایک طرف لوگ نئے سال کا جشن منا رہے ہیں اور آتش بازی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف غزہ میں کھنڈرات اور دھماکوں کو دکھایا گیا ہے۔