بھوپال، 2 ستمبر: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج 2027 کے لیے جاری کردہ سرکلر نمبر 11 کے مطابق دوسری ویٹنگ لسٹ کے سیریل نمبر 552 سے 627 تک کے مدھیہ پردیش کے عازمینِ حج کو پرویژنل (عارضی) طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش ریاستی حج کمیٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر و سکریٹری ڈاکٹر فرزانہ غزال نے بتایا کہ ان منتخب عازمین کو پیشگی حج رقم کے طور پر فی عازم 1,52,300 روپے جمع کرانے ہوں گے، جس میں 1,50,000 روپے ایڈوانس حج رقم، 2,000 روپے متفرق واجبات اور 300 روپے نان ریفنڈیبل پروسیسنگ فیس شامل ہے۔ یہ رقم 14 ستمبر 2026 تک حج کمیٹی کی آفیشل ویب سائٹ، ’حج سویدھا‘ ایپ کے ذریعے آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں مقررہ پے اِن سلپ پر بینک ریفرنس نمبر درج کر کے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر فرزانہ غزال کے مطابق عازمین کو سرکلر نمبر 10 کے تحت طبی معائنہ کرا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا اور فٹنس سرٹیفکیٹ مع فیس ادائیگی کی رسید 15 ستمبر 2026 تک حج کمیٹی کے پورٹل پر اپ لوڈ کرنا یا ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ 14 ستمبر تک ایڈوانس رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں حج سیٹ منسوخ کر دی جائے گی۔ عازمین تفصیلات کے لیے حج کمیٹی کی ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں یا مدھیہ پردیش ریاستی حج کمیٹی کے فون نمبر 2530139-0755 پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔









