ممبئی:27؍اگست:(پریس ریلیز) سلام عثمان شیخ: گزشتہ دنوں انڈو عرب سوسائٹی اور یارانِ اردو، ممبئی کے اشتراک سے مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کا ادبی رسالہ ’’امکان‘‘ کے خصوصی شمارے کا پُروقار رسمِ اجراء اسلام جمخانہ کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیا۔ “امکان” کے خصوصی شمارے کا اجراء محترم ڈاکٹر اکرام الدین کامل، ( قونصل جنرل اسلامی امارتِ افغانستان) کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا، تقریب کی صدارت ڈاکٹر محمد علی پا ٹنکر (صدر انڈو عرب سوسائٹی) نے فرمائی۔مہمانانِ خصوصی پرنسپل ڈاکٹر سہیل لوکھنڈ والا، یوسف ابراہانی، وی۔ ایس۔ عبدالکریم، یوسف پنجابی، سرفراز آرزو ‘ شفیع خان، ایڈووکیٹ فرحانہ شاہ، محترمہ اعجاز فاطمہ پاٹنکر( صدر انڈو عرب سوسائٹی لیڈیز ونگ ) مجید خان، ڈاکٹر سنجے بھیڑے،حیدر رائین اور عارف انصاری و نعیم انصاری سمیت شہر کی متعدد معزز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت فرما کر تقریب کے وقار میں اضافہ کیا۔
ڈاکٹر اکرام الدین کامل نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’امکان‘‘ امید، نئی راہوں اور مستقبل کی جستجو کا نام ہے۔ مذید اپنی تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رسالہ” امکان” بے حد موزوں اور بامعنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امکان‘‘ کا مفہوم وسیع تر ہے۔ ادب بھی دراصل امکان ہی کی دنیا ہے۔ ایک ادبی رسالہ مختلف ذہنوں، نسلوں اور خیالات کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے ’’امکان‘‘ کی اشاعت پر مبارک باد پیش کیں ساتھ ہی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ادب انسانوں کے دلوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔ دلوں کے درمیان قائم ہونے والا رشتہ اکثر سرکاری دستاویزات سے کہیں زیادہ دیرپا ثابت ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر نے اپنے صدارتی خطاب میں ظفر گورکھپوری سے اپنی دیرینہ وابستگی اور ان سے ہونے والی یادگار ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک بلند پایہ شاعر تھے بلکہ ایک باوقار، شائستہ اور انسان دوست شخصیت بھی تھے۔ ظفر گورکھپوری کی ادبی اور تہذیبی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور نئی نسل ان کے فکر و فن سے رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔
رسمِ اجراء کی تقریب کے بعد ایک باوقار شعری نشست بھی منعقد ہوئی، جس کی صدارت ریاض منصف نے کی، اور نظامت کے فرائض مجید شیخ (جنرل سیکریٹری انڈو عرب) اور وارث جمال نے نہایت عمدگی سے انجام دیے۔ شعری نشست میں پروفیسر جمیل کامل، نئیر حسن، امتیاز گورکھپوری، حسن بلرام پوری تبسم بربیرا والا اور ارشاد عرش شعراء جیسے معتبر نے عمدہ کلام پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر محترم نبی اختر قریشی نے تمام معزز مہمانان، شعراء، ادباء اور شرکائے محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ادبی تقریب اور ادبی سرگرمیاں اردو زبان و ادب کے فروغ اور نئی نسل کو اردو سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔







