بھوپال:25؍اگست:نائب وزیراعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے کہا کہ ڈیجیٹل صحت خدمات کے ذریعہ ریاست کے آخری سرے پر موجود فرد تک معیاری اور جدید صحت خدمات کی آسان رسائی یقینی بنانا حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کی ڈیجیٹل انتظامات کے ذریعہ شہریوں کو بہتر، شفاف اور آسان صحت خدمات حاصل ہوں گی۔ اس کے لیے سب کو متحد ہو کر کوشش کرنا ہوگی۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل بھوپال کے کْشَابھاؤ ٹھاکرے بین الاقوامی کنونشن سینٹر میں آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے تحت ماڈل ضلع اور ماڈل صحت ادارہ پہل کے ریاست سطحی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے محکمہ جاتی افسران اور صحت اداروں کے نمائندوں سے کہا کہ منتخب ماڈل اضلاع اور ماڈل صحت اداروں میں ڈیجیٹل صحت کے انتظامات کو مؤثر طریقے سے نافذ کریں اور یہاں تیار ہونے والے بہترین طریقہ کار کو ریاست کے دیگر صحت اداروں تک پہنچائیں۔ڈیجیٹل صحت ریکارڈکے صدفیصد استعمال، صحت خدمات میں ٹیکنالوجی کی مؤثر شمولیت اور شہری مرکزیت پر مبنی خدمات کے نظام کو ترجیح دیں۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ ماڈل ضلع اور ماڈل صحت ادارہ پہل کو صرف تکنیکی پروجیکٹ کے طور پر نہ لیں، بلکہ اسے صحت خدمات میں وسیع پیمانے پر تبدیلی کی مہم کے طور پر آگے بڑھائیں۔ضلعی کلکٹر، چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر، ضلع نوڈل افسر اور صحت اداروں کے نوڈل افسر باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔دیہی علاقوں میں صحت خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیلی میڈیسن کا مزید مؤثر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی پی ایچ ایس-12 معیارات کے مطابق عہدوں کی تخلیق، ضروری بھرتیوں کے لیے باقاعدہ فالو اَپ اور صحت اداروں میں ضروری آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔
تمام افسران اور صحت کارکنان اپنے کردار کی مؤثر طریقے سے ادا ئیگی کرتے ہوئے مدھیہ پردیش کو صحت خدمات کے معیار ات پر اولین بنانے کیلئے مشن موڈ میں کام کریں۔









