بھوپال:22؍اگست:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی ہدایات کے مطابق نائب وزیراعلیٰ اور وزیرصحت مسٹرراجیندر شکل نے بالاگھاٹ جا کر محفوظ بیگا قبائلی برادری کے بیماری سے متاثرہ بچوں کے خاندانوں سے ملاقات کی۔ نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے بالاگھاٹ ضلع کے برسا ترقیاتی بلاک کے گاؤں مچھوردا میں متاثرہ خاندانوں سے ان کی سماجی صورتحال، صحت سے متعلق مسائل اور بچوں کی حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت بیماری سے متاثرہ بیگا خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے گرام پنچایت مچھوردا کی بیگا قبائلی برادری کی سرپنچ شریمتی جِلسو رام سنگھ تِلگام سمیت بیگا خاندانوں سے بچوں کی ٹیکہ کاری میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں میں بچوں کی موت ہوئی ہے، ان کے تئیں ریاستی حکومت کو مکمل ہمدردی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری بچوں کو متعدی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم ہے اور اس سے ان کی زندگی محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے بیگا خاندانوں سے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام والدین اپنے بچوں کو باقاعدگی سے اسکول بھیجیں۔ تعلیم سے بچوں کا مستقبل روشن ہوگا اور وہ آگے بڑھ کر اپنی زندگی میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بیداری کے ساتھ آگے آئیں گے، وہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ حال ہی میں نکسل ازم سے آزاد ہوا ہے۔ اب حکومت کی اسکیمیں اور سہولیات مؤثر طریقے سے اس دور دراز علاقے تک پہنچ رہی ہیں۔ حکومت کا مقصد ہے کہ علاقے کے لوگوں کو صحت، تعلیم، غذائیت سمیت تمام بنیادی سہولیات کا فائدہ ملے۔بیگا خاندانوں سے گفتگو کے دوران نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے غذائیت اور صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ زندگی میں صفائی کی عادت اپنانے اور غذائیت سے بھرپور خوراک لینے سے متعدد بیماریوں سے بچاؤ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خاندانوں کو اپنے اردگرد صفائی برقرار رکھنے اور بچوں کی صحت و غذائیت پر خصوصی توجہ دینے کی نصیحت کی۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے مچھوردا کے ذیلی صحت مرکز میں ایک اے این ایم کی تعیناتی کے انتظام کے لیے افسران کو ہدایات بھی دیں، تاکہ علاقے کے دیہی باشندوں کو مقامی سطح پر صحت خدمات آسانی سے دستیاب ہو سکیں۔نائب وزیراعلیٰ مسٹر شکل نے بتایا کہ بالاگھاٹ کے ضلع ٹیکہ کاری افسر کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور ضلع ملیریا افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیگا بچوں کی اموات کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ اگر تحقیقات میں کسی افسر کی غفلت سامنے آتی ہے تو ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرنے سے حکومت پیچھے نہیں ہٹے گی۔اس دوران مدھیہ پردیش درج فہرست قبائلی کمیشن کے رکن مسٹر بھگت سنگھ نیتام ، سابق وزیر مسٹر رام کشور کانورے ، ممبر اسمبلی مسٹر راج کمار کرراہے ، مسٹر گورو سنگھ پاردھی، کلکٹر مسٹر کمار ستیم ، ایس پی مسٹر آدتیہ مشرا، ضلع پنچایت سی ای او مسٹر ابھیشیک صراف ، بہر ایس ڈی ایم مسٹر ارپت گپتا ، چیف میڈیکل نیز صحت افسر ڈاکٹر پریش اپلپ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔