ممبئی 22اگست:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سینی اینڈ ٹی وی آرٹسٹس ایسوسی ایشن (سی آئی این ٹی اے اے) کی صدر پونم ڈھلوں ان دنوں ادارے میں جاری تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ اسی دوران پونم ڈھلوں سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ انہیں ڈینگو ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ معروف فلمی صحافی وکی لالوانی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پونم ڈھلوں کی صحت سے متعلق تازہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے صبح پونم ڈھلوں سے میسج کے ذریعہ ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔ اداکارہ نے وکی کو اپنی صحت کے بارے میں بتایا کہ اب وہ پہلے سے بہتر ہیں اور صحت یاب ہو رہی ہیں۔ فی الحال وہ اسپتال میں ہیں اور ڈاکٹر ان کا
علاج کر رہے ہیں۔ پونم ڈھلوں کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد سے ہی ان کے مداح اور چاہنے والے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کی دعا کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پونم ڈھلوں کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سینی اینڈ ٹی وی آرٹسٹس ایسوسی ایشن (سی آئی این ٹی اے اے) میں قیادت کو لے کر تنازعہ جاری ہے۔
سی آئی این ٹی اے اے میں ہوئے انتخابات کے دوران 11 اراکین کو ان کے عہدے سونپے گئے تھے، لیکن اب 8 افراد نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ عہدے چھوڑنے والوں کی فہرست میں اداکار مکیش رشی، ہیمنت پانڈے، ساحل چڈھا، ہیتل پرمار، پُنیت اسّر، وندو دارا سنگھ، دیپک پراشر اور وکاش ورما شامل ہیں۔









