گرم جیکٹس کا تحفہ دیکر کیا سال نو کا آغاز
بھوپال یکم جنوری ۔(شہری نمائندہ) نئے سال کے موقع پر بھوپال مدھیہ اسمبلی حلقہ سے کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود نے آج نیلم پارک، للی ٹاکیز میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں مندروں کے پجاریوں اورحلقہ کی مساجد کے اماموں و موئزنین کو مدعو کیا گیا اور انکا استقبال کیا ساتھ ہی انہیں نئی جیکٹس تحفے میں دے سال نو کا آغازکیا۔تقریب میں مدھیہ اسمبلی کی خوش حالی و امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا اور پرارتھنا کی گئی۔
اس موقع پر ایم ایل اے عارف مسعود نے کہا کہ بھوپال میں بھائی چارے کی مثال قائم کی گئی ہے، آج نفرت بھرے ماحول میں ہمارے تمام مذہبی رہنما یہاں جمع ہوئے ہیں اور محبت کا پیغام دیا ہے جس کی ملک میں بہت ضرورت ہے۔ آج میرے حلقے کے تمام مذہبی مقامات بشمول مساجد کے اماموں، مؤزنین اور مندروں کے پجاریوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے میں گزشتہ کئی سالوں سے سردیوں کے موسم میں ان کے لیے کام کر رہا ہوں۔ اسی سلسلے میں آج نئے سال کے موقع پر بھوپال کے گنگا جمنی کلچر کو برقرار رکھتے ہوئے ’’محبت کو عام کرو، نفرت کو ختم کرو‘‘ کے نعرے کے ساتھ سب کو ایک ساتھ ایک اسٹیج پر مدعو کرکے دونوں برادریوں کے مذہبی رہنماؤں کو جیکٹ تحفے میں دے کر نئے سال کا آغاز کیا۔
ایم ایل اے عارف مسعود اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ تہواروں کے موقع پر علاقے کے لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، چاہے وہ دیوالی پر ساڑیاں،رکشا بندھن پر راکھی دیں یا، رمضان میں امام مؤزنین کو تحفے دیکر عید مناتے ہیں۔
ایم ایل اے عارف مسعود نے اتنی بڑی تعداد میں یہاں جمع ہونے پر اسمبلی حلقہ کے مندروں اور مساجد کے تمام مذہبی رہنماؤں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہمارے مندروں اور مساجد کے مذہبی رہنما ہیں جنہوں نے اپنی زندگی مذہبی سرگرمیوں کے لیے وقف کر دی ہے۔ جن کی مالی حالت خراب ہے سماج کے سبھی لوگوں کو ان لوگوں کا خاص خیال رکھنا چاہیے، ان کے بھی ہمارے جیسے خاندان ہوتے ہیں، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، میں مندروں اور مساجد کے مذہبی رہنماؤں کا خیال رکھتا ہوں، ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پروگرام کی نظامت قاضی عظمت شاہ مکی نے کی۔