بھوپال 17اگست:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پیر کے روز نئی دہلی میں منعقدہ مرکزی وزیر خزانہ مسز نرملا سیتارمن اور مرکزی وزیر تجارت و صنعت مسٹر پیوش گوئل کے ساتھ صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ کی اعلیٰ ترین مرکزی باڈی کی میٹنگ میں مدھیہ پردیش کی نمائندگی کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر کہا کہ ہماری حکومت نے مرکزی حکومت کی ’بھَویا‘ اسکیم (بھارت صنعتی ترقی اسکیم) کے ذریعے صنعتی ترقی کے کچھ تجاویز پیش کیے ہیں۔ ریاست میں کافی لینڈ بینک کے ساتھ بجلی اور قابلِ تجدید توانائی کی وافر دستیابی ہے۔ ریاست میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہم نے 25 سے زیادہ نئی صنعتی پالیسیوں کے ذریعے کاروبار اور صنعتوں کے لیے طریقۂ کار کو آسان، شفاف اور سہل بنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ملک کے پہلے ’’پی ایم متر پارک‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھا تھا، جس کا کام بہت تیزی سے پیش رفت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ مرکزی وزراء نے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے ملک اور دنیا بھر کے تمام سرمایہ کاروں کا اعتماد جیتا ہے اور آج مدھیہ پردیش پورے ملک میں سرمایہ کاروں کی سب سے زیادہ پسندیدہ منزل کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی کی قیادت میں ملک ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔ روزگار فراہم کرنے والی صنعتوں سے ملک خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے اور اسی سے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں گزشتہ سال کو ’روزگار و صنعت سال‘ کے طور پر منایا گیا۔ گلوبل انویسٹرس سمٹ-2025 کے ذریعے حاصل ہونے والی 30 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز میں سے تقریباً 30 فیصد سرمایہ کاری کی تجاویز اب عملی شکل اختیار کر چکی ہیں، جو ریاست میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اور صنعتی دنیا کے ہمارے اوپر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مدھیہ پردیش کی سرمایہ کاری کی صلاحیت، صنعتوں کے لیے دستیاب مختلف سہولیات اور مرکز و ریاستی حکومت کے تال میل سے تیار کیے جا رہے صنعتی منصوبوں کی معلومات فراہم کیں۔قابلِ ذکر ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مرکزی کابینہ کے ذریعے منظور شدہ 33 ہزار 660 کروڑ روپے کی ’بھَویا‘ (بھارت صنعتی ترقی اسکیم) ایک اہم مرکزی شعبے کی اسکیم ہے۔ اس کا مقصد ملک بھر میں 6 مالی سالوں (مالی سال 2026-27 سے 2031-32 تک) میں 100 ’پلگ اینڈ پلے‘ صنعتی پارک تیار کرکے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔