ویلنگٹن، 03 مارچ (یو این آئی) ناتھن لیون کی شاندار چھ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کو 196 رن پر ڈھیر کرنے کے بعد 172 رنز سے جیت حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے اسپن گیندباز گلین فلپس کی شاندار گیند بازی کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا کو کل 164 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں پر 111 رنز بنا لیے تھے۔ آج صبح بلے بازی کے لیے آنے والی میزبان ٹیم صرف 70 رنز میں سات وکٹیں گنوا کر 196 رنز پر سمٹ گئی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ 14 سال بعد ہوا ہے جب نیوزی لینڈ کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر دونوں اننگز میں 200 سے کم اسکور پر آل آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2012 میں ہیملٹن میں جنوبی افریقہ کے خلاف نیوزی لینڈ نے دونوں ٹیسٹ اننگز میں 200 سے کم رنز بنائے تھے۔آسٹریلیا کے 36 سالہ باؤلر نیتھن لیون نے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں چھ وکٹیں لے کر میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کے لیے صرف راچن رویندرا نے دوسری اننگز میں 59 رنز کی نصف سنچری بنائی۔ اس کے علاوہ ڈیرل مچل 38 رنز ، اسکاٹ کگلیجن 26 رنز ، ول ینگ 15 رنز اور میٹ ہنری 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کی اور پہلی اننگز میں کیمرون گرین کے 174 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 383 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا۔اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں بے حد خراب شروعات کی اور صرف 29 رنز پر پانچ وکٹیں دیں۔ ٹام لیتھم پانچ رنز، ول ینگ نو رنز، کین ولیمسن صفر اور راچن رویندرا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس نے سب سے زیادہ 71 رنز بنائے جس کے بعد میٹ ہنری نے 34 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔ میٹ ہنری 42 رنز اور ٹام بلنڈل 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے آسٹریلیا نے میزبان نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 41.1 اوورز میں صرف 179 رنز تک محدود کر دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جوش ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 204 رنز کی برتری حاصل تھی۔ آسٹریلیائی ٹیم دوسری اننگز میں 164 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 369 رنز کا ہدف ملا تھا۔ نیوزی لینڈ چوتھی اننگز میں 369 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری اور کل دن کا کھیل ختم ہونے تک 111 کے اسکور پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ اگرچہ چوتھی وکٹ کے لیے راچن رویندرا اور ڈیرل مچل کے درمیان نصف سنچری کی شراکت ہوئی لیکن اس کے بعد بقیہ بلے بازوں کی وکٹیں وقفہ وقفہ پر گرتی رہیں اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 196 رن ہی بناسکی اور مقابلہ 172 سے ہار گئی ۔ گرین کو 174 رنز کی شاندار اننگز کے لئے ‘پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔ جوش ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ٹریوس اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔