رائسین:09؍اگست(پریس ریلیز) ضلع کے غیرت گنج تحصیل علاقے میں جمعہ کے روز دو الگ الگ دلخراش واقعات میں دو کسانوں کی موت ہوگئی۔ پہلا واقعہ گاؤں رمپورا کلاں میں پیش آیا، جہاں کھیت میں دھان کی روپائی کے دوران کنویں سے پانی نکالتے وقت کسان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہرے پانی میں جا گرا۔ وہیں دوسرا واقعہ گڑھی پولیس چوکی علاقے کے گاؤں ساگور میں پیش آیا، جہاں فصل کی نگرانی کے لیے کھیت پر گئے کسان کی زہریلے سانپ کے ڈسنے سے موت ہوگئی۔ دونوں واقعات کے بعد دیہی علاقوں میں غم کی لہر ہے۔
کنویں میں گرنے سے کسان کی موت:
پہلا واقعہ گاؤں رمپورا کلاں کا ہے۔ گاؤں کے رہنے والے کسان مہندر اہیر وار، ولد بھیا لال اہیر وار، کھیت میں دھان کی روپائی کے لیے گئے تھے۔ بتایا گیا کہ کھیت میں بنے کنویں سے پانی نکالتے وقت اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ کنویں کے گہرے پانی میں جا گرے۔
اہل خانہ کے مطابق مہندر کو تیرنا نہیں آتا تھا۔ حادثے میں پانی میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ اور دیہاتی موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
فصل کی نگرانی کے دوران سانپ کے ڈسنے سے موت:
دوسرا واقعہ گڑھی پولیس چوکی علاقے کے گاؤں ساگور کا ہے۔ یہاں کے رہنے والے اندھیر سنگھ آدیواسی، ولد کشن لال آدیواسی فصل کی نگرانی کے لیے کھیت پر گئے تھے۔ رات دیر تک گھر واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے ان کی تلاش شروع کی۔اگلی صبح اہل خانہ جب کھیت پہنچے تو اندھیر سنگھ کھیت میں بے ہوشی کی حالت میں پڑے ملے۔ جانچ کے دوران سانپ کے ڈسنے کی بات سامنے آئی۔ بتایا گیا کہ زہریلے سانپ کے ڈسنے سے ان کی موت ہوچکی تھی۔
دونوں معاملات میں پولیس نے مَرگ قائم کیا:
واقعات کی اطلاع ملنے پر گڑھی پولیس چوکی کی پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے دونوں معاملات میں مَرگ قائم کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال غیرت گنج روانہ کیا۔ پولیس کی جانب سے دونوں واقعات کی تفتیش کی جارہی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی ہوگی: ایس ڈی ایم ہرشیت چودھری:
انویژنل افسر محکمۂ محصولات، غیرت گنج، ہرشیت چودھری نے بتایا کہ کنویں میں ڈوبنے سے ہوئی موت کے معاملے میں پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ضابطے کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی اور ایف آئی آر درج کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اہلیت اور ضروری دستاویزات کی بنیاد پر آر بی سی 6-4 کی دفعات کے تحت متاثرہ خاندان کو مالی امداد فراہم کرنے کی کارروائی بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات موصول ہونے کے بعد امدادی معاملہ تیار کرکے ضابطے کے مطابق متاثرہ خاندان کو مالی امداد دلانے کی کارروائی کی جائے گی۔