نئی دہلی، 2 مارچ (یو این آئی) ہندوستانی ہاکی ٹیم کے مڈفیلڈر من پریت سنگھ نے کہا کہ 41 سال کے طویل انتظار کے بعد سال 2020 میں ٹوکیو اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنا ان کے کیریئر کا اب تک کا سب سے خوشگوار اور یادگار لمحہ تھا۔پنجاب کے مٹھا پور سے تعلق رکھنے والے مڈفیلڈر منپریت سنگھ نے اپنے کنبہ کی کفالت کے لیے ہاکی کھیلنا شروع کی اور کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اہم حصہ بن جائیں گے۔ منپریت نے اپنا 350 واں میچ 10 فروری کو بھونیشور کے کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا تھا۔ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2023/24 کے پہلے میچ میں ہندوستان کا مقابلہ اسپین سے تھا۔اپنے کیریئر کے پانچ سب سے یادگار لمحات کو یاد کرتے ہوئے منپریت نے کہا کہ ٹوکیو میں 2020 کے اولمپک کھیلوں میں کانسہ کا تمغہ جیتنا ایک خواب تھا، جہاں ہم نے جرمنی کو 5-4 سے شکست دی تھی۔
انہوں نے کہاکہ “اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنا ایک ناقابل یقین احساس تھا،” ۔ جب سے میں نے قومی ٹیم کے لیے کھیلنا شروع کیا ہے تب سے یہ میرا خواب تھا۔ جب ہم نے آخر کار 41 سال بعد ہاکی میں اولمپک میڈل جیتا تو مجھے بہت فخر محسوس ہوا۔ یہ ایک اہم کامیابی ہے اور ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی۔منپریت کا دوسرا سب سے یادگار لمحہ 2014 میں کوریا میں منعقدہ 17ویں ایشیائی کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنا تھا۔ ہندستان نے پاکستان کو 4-2 سے شکست دے کر شوٹ آؤٹ میں جیت حاصل کی تھی، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت کے اختتام پر 1-1 سے برابر تھیں۔ اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز 2014 میں چاندی کا تمغہ جیتنا مڈفیلڈر کا تیسرا یادگار لمحہ تھا۔ فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-4 سے ہارنے کی وجہ سے ہندوستان گولڈ میڈل سے محروم رہا۔ 31 سالہ کھلاڑی نے بتایا کہ 2017 میں بنگلہ دیش میں منعقدہ مینز ایشیا کپ میں ہندوستان نے فائنل میں ملائیشیا کو 2-1 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ بھی میرے دل کے قریب ہے کیونکہ یہ پہلا تمغہ تھا جو ٹیم نے میرے کپتان رہتے جیتا تھا۔ یہ ان تمام کاموں کا ثبوت تھا جو میں نے برسوں میں کیے تھے۔ منپریت نے اپنے کیریئر میں اب تک 44 گول کیے ہیں، لیکن وہ ایشین گیمز ہانگژو 2022 کے فائنل میں جاپان کے خلاف اپنے گول کو فہرست میں سرفہرست سمجھتے ہیں۔
منپریت کے گول کے بعد ہندوستان نے جاپان پر 5-1 سے کامیابی حاصل کی اور پیرس اولمپکس کے لیے براہ راست اہلیت حاصل کی۔” انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے، جاپانی کیپر نے گول پر شاٹ مارا اور گیند شوٹنگ سرکل کے کنارے پر میرے پاس گری۔ ایشین گیمز سے پہلے، میں نے محسوس کیا کہ میں اتنا اثر نہیں ڈال پارہا ہوں جتنا میں جانتا تھا کہ میں کروں گا، لیکن میری پرفارمنس میں بہتری آتی رہی اور فائنل میں اس طرح اسکور کرنے سے میرے دماغ کو سکون ملا۔