بھوپال:27؍جولائی:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندرشکل نے کہا کہ پیرا میڈیکل طلباء صحت خدمات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طلباء کے مفادات کا تحفظ، معیاری تعلیم اور مقررہ وقت پر تعلیمی عمل کو یقینی بنانا ریاستی حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور امتحانات سے متعلق عمل کو آسان اور شفاف بنا کر طلباء کو غیر ضروری پریشانیوں سے راحت دی جائے، تاکہ ان کا تعلیمی سیشن اور مستقبل متاثر نہ ہو۔ نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل کی صدارت میں منترالیہ میں مدھیہ پردیش پیرامیڈیکل کونسل کی 26ویں سالانہ میٹنگ منعقد ہوئی۔
میٹنگ میںکمشنر صحت عامہ اور طبی تعلیم مسٹر دھن راجو ایس، ڈائریکٹر مسٹر منوج سریام، کونسل رکن ڈاکٹر بینو سنگھ، رجسٹرار ڈاکٹر شیلوج جوشی، ڈپٹی رجسٹرار مسٹر انکت شریواستو سمیت کونسل کے دیگر اراکین موجود رہے۔ میٹنگ میں پیرا میڈیکل کورسوںسے وابستہ طلباء کے سامنے آنے والے عملی مسائل، رجسٹریشن نظام، امتحانات اور نتائج کے وقت پر اعلان سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیر اعلیٰ شکل نے ہدایت دی کہ آئندہ تعلیمی سیشن سے تمام علاقائی یونیورسٹیوں میں پیرا میڈیکل کورسوںکے امتحانات مقررہ وقت کی حد میں منعقد ہوں اور امتحانات کے نتائج بھی وقت پر جاری کیے جائیں۔ میٹنگ میں کونسل کے رجسٹریشن عمل کو مزید آسان، شفاف اور طلباء کے مفاد پر مبنی بنانے کے اہم فیصلے لیے گئے۔ دیگر ریاستوں سے رجسٹرڈ پیرا میڈیکل طلباء کے لیے مدھیہ پردیش میں رجسٹریشن کے لیے این او سی کی لازمی شرط ختم کرنے، خود اعلانیہ اور آدھار پر مبنی ای-دستخط نظام کے ذریعہ آن لائن درخواست کے عمل کو آسان بنانے اور دستاویزات کی تصدیق کو مزید منظم کرنے پر غور کیا گیا اور ضروری انتظامات کے لیے ہدایات دی گئیں۔
میٹنگ میں تعلیمی سیشن کے دوران اداروں کی منظوری سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سال 2025-26میں موصولہ درخواستوں کی بنیاد پر 211 اداروں کو منظوری دی گئی ہے، جبکہ مقررہ معیار پر عمل نہ کرنے والے اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی گئی ہے۔ کونسل کی سرگرمیوں، طلباء کے مفاد میں کی جا رہی اصلاحات، رجسٹریشن عمل کو آسان بنانے، آن لائن خدمات، اداروں کی منظوری اور خدمات کی فراہمی کے نظام کی تفصیلی معلومات رجسٹرار ڈاکٹر شیلوج جوشی نے پیش کی۔









