نئی دہلی، 02 مارچ (یواین آئی)لوک سبھا انتخابات 2024 سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔دہلی ایسٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمان گوتم گمبھیر سیاسی ذمہ داریاں چھوڑنا چاہتے ہیں۔ گمبھیر نےآج اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر یہ اطلاع دی۔گمبھیر نے بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ٹیگ کیا ہے۔ انہوں نے جے پی نڈا سے درخواست کی کہ وہ انہیں سیاسی ذمہ داریوں سے آزادکر دیں۔
گمبھیر نے سیاسی ذمہ داریاں چھوڑنے کی وجہ بھی بتا ئی۔انہوں نے لکھا کہ- اب وہ کرکٹ سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ گمبھیر نے ملک کی خدمت کا موقع دینے کے لئےوزیراعظم نریندر مودی اوروزیرداخلہ امت شاہ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔گوتم گمبھیر نے 22 مارچ 2019 کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ بی جے پی نے انہیں صرف دو ماہ بعد 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں مشرقی دہلی کی سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا تھا۔ گمبھیر نے عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی امیدوار آتشی اور کانگریس کے ارویندر سنگھ لولی کو 6 لاکھ 95 ہزار 109 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ مہیش گری کی جگہ گمبھیر کو ٹکٹ دیا گیا تھا۔