بنگلورو، یکم مارچ (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے جمعہ کو رامیشورم کیفے دھماکے کو جدید ترین آلات کے ذریعہ کیا گیا ایک زور دار دھماکہ قرار دیا اور کہا کہ یہ ایک شخص کے رکھے ہوئے بیگ کی وجہ سے ہواتھا۔ مسٹر سدارامیا نے میسور میں نامہ نگاروں کو بتایا، ” مجھے اطلاع ملی ہے کہ دوپہر بعد کوئی ایک بیگ رکھ کر چلاگیا۔ اس واقعے میں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سی سی ٹی وی کی جانچ کی جا رہی ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ یہ ایک زور دار دھماکہ خیز مواد سے ہوا دھماکہ ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے یا حملہ۔ میں نے وزیر داخلہ (ڈاکٹر جی پرمیشور) سے کہا ہے کہ وہ وہاں جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘دھماکہ کم شدت کا تھا، لیکن یہ ایک آئی ای ڈی تھا، ایسے دھماکے تمام حکومتوں کے دور میں ہوئے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ حال ہی میں منگلورو کے علاوہ ایسی چیزیں نہیں ہوئی ہیں، ہم تحقیقات کریں کی کہ اصل میں کیاہوا۔ دریں اثنا، کرناٹک پولیس نے کہا کہ رامیشورم کیفے میں مشتبہ دھماکے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی جی پی اور آئی جی پی آلوک موہن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، “نو لوگ زخمی ہوئے ہیں لیکن کوئی بھی شدید زخمی نہیں ہے۔ تاہم ڈی جی پی نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں کیونکہ دھماکے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہم پتہ لگائیں گی کہ یہ کس نے کیا۔ ہم قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہتے۔ ایف ایس ایل کی ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ اس کے بعد ہم مزید تفصیلات دیں گے۔ سی ایم (وزیر اعلی) اور ایچ ایم (وزیر داخلہ) کو اطلاع دی گئی ہے۔
ہم مزید کچھ نہیں کہنا چاہتے کیونکہ تحقیقات جاری ہیں۔