نئی دہلی22جون: مرکزی تفتیشی بیورو نے انل امبانی کے ریلائنس اے ڈی اے گروپ سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ کے سابق ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر دیوانگ مودی اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو افسر رویندر سدھالکر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایجنسی نے پیر کے روز اس کی اطلاع دی۔ مرکزی تفتیشی بیورو کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ سے حاصل شدہ رقوم کو ریلائنس اے ڈی اے گروپ کی دیگر کمپنیوں، جن میں ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ، ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ اور ریلائنس پاور لمیٹڈ شامل ہیں، منتقل کیا۔ اس کے نتیجے میں سرکاری بینکوں کو مجموعی طور پر 7623 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ ملزمان اور ان سے وابستہ اداروں کو اتنا ہی ناجائز فائدہ حاصل ہوا۔ تحقیقات کے مطابق ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ سے متعلق معاملے میں 13 سرکاری بینکوں کو 4097 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا، جبکہ ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ کے معاملے میں 10 سرکاری بینکوں کو 3526 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ مرکزی تفتیشی بیورو کا کہنا ہے کہ اپریل 2017 سے دسمبر 2018 تک ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر رہنے والے دیوانگ مودی کمپنی کے اہم فیصلوں کے ذمہ دار تھے۔ انہوں نے ایسی درمیانی کمپنیوں کو قرضوں کی منظوری دی جن کے بارے میں انہیں معلوم تھا کہ یہ عمل ریزرو بینک کے ضوابط اور سرکاری بینکوں سے حاصل شدہ قرضوں کی شرائط کے منافی ہے۔