بھوپال، 28 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش میں آندھی طوفان ، بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں کو پہنچے نقصان کو لیکر ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری نے کسانوں کو جلد از جلد معاوضہ دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نرمداپورم، کھنڈوا، چھندواڑہ، ٹیکم گڑھ، بیتول، چھتر پور اور نیواڑی اضلاع میں اولے گرے۔ کچھ اضلاع میں کھیتوں میں کٹی ہوئی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں، کسانوں کو خدشہ ہے کہ اب اناج کالا ہو سکتا ہے، ریاستی حکومت اس کا نوٹس لے اور متاثرہ کسانوں کو راحت پیکج جاری کرے۔
جیتو پٹواری نے وزیر اعلیٰ موہن یادو سے درخواست کی کہ وہ بحران کی اس نازک گھڑی میں کسانوں کی مدد کے لیے فوری طور پر ایک ’’موثر اور نتیجہ خیز سروے‘‘ کا اعلان کریں۔ چیف منسٹر آفس سے بھی اس سروے کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ ماضی میں کئے گئے سروے کی طرح یہ سروے بھی محض خانہ پوری کی نذر نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی حکومت واقعی کسانوں کی مدد کرنا چاہتی ہے تو وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ذریعہ باقاعدگی سے کئے جانے والے سروے کی جانکاری بھی کسانوں کے ساتھ شیئر کی جانی چاہئے۔ اس کے ساتھ اہم مسئلہ راحت کے تحت دیا جانے والا معاوضہ ہے۔ کیونکہ کسانوں کے ماضی کے تجربات بتا رہے ہیں کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ سروے بہت سست رہتی ہے۔ جب حتمی رپورٹ آتی ہے تو بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے، معاوضے کا عمل بھی بہت سست ہوتا ہے اور متاثرہ کسانوں کو راحت ملنے میں کافی وقت لگتا ہے۔ اس لیے حکومت فوری ایکشن لے اور کسانوں کو راحت فراہم کرے۔