واشنگٹن،21 جون (یواین آئی ) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے لیے پاکستان میں تیار کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس فٹبال ‘ٹریونڈا’ نے زمین کی سرحدیں عبور کرتے ہوئے خلاء میں قدم رکھ دیا ہے۔ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے (ناسا) کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک حیرت انگیز ویڈیو نے دنیا بھر کی توجہ سمیٹ لی ہے، جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے خلاء بازوں کو مائیکرو گریویٹی (کم کشش ثقل) کے ماحول میں اس پاکستانی فٹبال کے ساتھ سائنسی تجربات اور کھیل میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو میں خلاء بازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں فیفا ورلڈکپ کی جدید فٹبال سے کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔خلاء بازوں نے اسٹیشن کے اندر فٹبال سے کھیل کر یہ جاننے کی کوشش کی کہ ایڈیڈاز کی ڈیزائن کردہ فٹبال مائیکرو گریویٹی میں کیسا برتاؤ کرتی ہے۔
اس تجربے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ فٹبال کا توازن اور وزن کھیل کے دوران اس کی حرکت کو کیسے متاثر کرتا ہے۔امریکی خلائی ادارے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ اس سے قبل یہ تجربہ 2019ء میں بھی کر چکے ہیں، تجربے سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ توازن میں فرق سے فٹبال کی حرکت متاثر ہو سکتی ہے۔