دمبولا، 21 جون ( یو این آئی )اوپننگ بلے باز وائبھو سوریہ ونشی کی جارحانہ 94 رنز کی اننگز کی بدولت انڈیا اے نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا اے کو 66 رنز سے شکست دے کر ٹرائی اینڈ اے سیریز کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ب انڈیا اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 377 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور بنایا، جس کے جواب میں سری لنکا اے ٹیم 47.1 اوورز میں 311 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستانی اننگز میں سب سے نمایاں کارکردگی وئبھو سوریہ ونشی کی رہی، جنہوں نے محض 29 گیندوں پر 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 11 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر لسٹ اے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ان کے علاوہ کپتان تلک ورما نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ رتوراج گائیکواڑ نے 40 اور انکول رائے نے 39 رنز بنا کر ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ہندوستان کی اننگز کا آغاز نہایت جارحانہ انداز میں ہوا، جب سوریہ ونشی اور پریانش آریا نے پہلی وکٹ کے لیے صرف 8.5 اوورز میں 132 رنز جوڑ دیے۔ تاہم بعد میں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، لیکن آخری اوورز میں انکول رائے کی تیز رفتار بیٹنگ نے اسکور کو 377 تک پہنچا دیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے کی ٹیم مستقل دباؤ میں رہی۔ اگرچہ سدیرا سماراوکرما نے 52 اور ونوجا سہان نے 62 رنز بنائے، لیکن کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کی طرف نہ لے جا سکا۔ابتدائی اوورز میں ہی سری لنکا کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ لڑکھڑا گئی، جس کے بعد ہدف کا تعاقب کبھی بھی مکمل طور پر قابو میں نہ آ سکا اور ٹیم مقررہ ہدف سے کافی پیچھے رہ گئی۔








