چنڈی گڑھ، 28 فروری (یو این آئی) پنجاب کے وزیر کھیل گرمیت سنگھ میت ہیر نے بدھ کو کہا کہ پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والے ہر کھلاڑی کو تیاری کے لیے 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
مسٹر ہیر نے یہاں ایک اسپورٹس میگزین کے ذریعہ منعقدہ ‘اسپورٹس کنکلیوکے افتتاحی پروگرام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ورلڈ کپ جیتنے والے ہاکی اولمپئن بریگیڈیئر ہرچرن سنگھ اور جونیئر ہندوستان کرکٹ ٹیم کے کپتان ادے سہارن کو بھی اعزاز سے نوازا۔مسٹر ہیر نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست میں کھیلوں کا کلچر بنانے کے لیے گزشتہ دو سالوں سے مسلسل کام کر رہی ہے، جس کے ٹھوس نتائج گزشتہ سال ایشین گیمز کے دوران نظر آئے جب پنجاب کے 32 کھلاڑیوں نے 72 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے بیس ایوارڈ جیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ نئی اسپورٹس پالیسی کے تحت ہر کھیل کی تیاری کے لیے نقد انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ ایشین گیمز میں پہلی بار حصہ لینے والے 58 پنجابی کھلاڑیوں کو ان کی تیاری کے لیے فی کھلاڑی 08 لاکھ روپے دیے گئے۔ اب ہر کھلاڑی کو اولمپک گیمز کی تیاری کے لیے 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ تقریباً 1000 کھیلوں کی نرسریاں قائم کی جا رہی ہیں جن میں سے پہلے مرحلے میں 260 نرسریاں شروع کر دی گئی ہیں۔وزیر کھیل نے کہا کہ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے 500 اسامیوں کا علیحدہ کیڈر بنایا گیا ہے، جس کے لیے کھلاڑیوں کو ملازمت کی گارنٹی ملے گی۔ ریاست کے 24,164 پنجابی کھلاڑیوں کو کل 74.96 کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی گئی ہے جنہوں نے دو سال سے بھی کم عرصے کے دوران ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کی ہے۔