نئی دہلی، 28 فروری (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہماچل پردیش میں پیسے اور طاقت کا غلط استعمال کرکے اکثریتی حکومت کو گرانے کی غیر اخلاقی اور غیر آئینی کوشش سے ریاست کے عوام کے حقوق کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا، “جمہوریت میں، عام لوگوں کو اپنی پسند کی حکومت منتخب کرنے کا حق ہے۔ ہماچل کے لوگوں نے اس حق کا استعمال کیا اور واضح اکثریت کے ساتھ کانگریس کی حکومت بنائی۔” لیکن بی جے پی پیسہ طاقت، ایجنسیوں کی طاقت اور مرکزی اقتدار کا غلط استعمال کرکے ہماچل کے لوگوں کے اس حق کو کچلنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے بی جے پی جس طرح سے سرکاری سیکورٹی اور مشینری کا استعمال کررہی ہے، اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ” انہوں نے کہا، اگر 25 ایم ایل اے والی پارٹی 43 ایم ایل ایز کی اکثریت کو چیلنج کر رہی ہے، تو مطلب واضح ہے کہ وہ پارٹی نمائندوں کی خریدوفروخت پر منحصر ہے۔ ان کا یہ رویہ غیر اخلاقی اور غیر آئینی ہے۔
ہماچل اور ملک کے عوام سب دیکھ رہے ہیں۔ قدرتی آفت کے دوران بی جے پی ریاست کے لوگوں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی لیکن اب ریاست کو سیاسی تباہی میں دھکیلنا چاہتی ہے۔