رانچی، 25 فروری (یو این آئی) ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جے ایس سی اے کرکٹ گراؤنڈ، رانچی میں کھیلے جا رہے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آج آر۔ اشون نے ہندوستانی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔اشون نے ہندوستان میں کھیلے گئے اپنے 59 ٹیسٹ میچوں میں 354 وکٹیں لے کر یہ نیا ریکارڈ بنایا ہے۔اس سے قبل ہندوستانی سرزمین پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ انیل کمبلے کے نام تھا جنہوں نے 63 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 350 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اشون نے آج 35ویں مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ کی اننگز میں پانچ وکٹ لے کر ہندوستان کے انیل کمبلے کی برابری کی۔ انیل کمبلے نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 35 مرتبہ 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ بھی انجام دیا تھا۔ عالمی کرکٹ میں اشون سے زیادہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اب رچرڈ ہیڈلی، شین وارن اور متھیا مرلی دھر کے نام ہے۔ ہیڈلی نے 36 بار ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا، شین وارن نے 37 بار اور متھیا مرلی دھرن نے 67 مرتبہ ایک اننگ میں پانچ وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
انیل کمبلے نے اپنے کل 132 ٹیسٹ میچوں میں 619 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اشون نے اب تک 99 ٹیسٹ میچوں میں 507 وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں کرکٹ ٹیسٹ میچ 7 مارچ سے دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا اور یہ اشون کا 100 واں ٹیسٹ میچ ہوگا۔