بنگلورو30مئی: بنگلورو میں منعقدہ کانگریس قانون ساز پارٹی کے میٹنگ میں ڈی کے شیوکمار کو متفقہ طور پر کانگریس قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی کرناٹک میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل بھی تیز ہو گیا ہے۔ اجلاس میں کانگریس کے تمام اہم اراکین اسمبلی اور پارٹی لیڈران موجود تھے۔ طویل عرصہ سے جاری سیاسی مشاورت کے بعد بالآخر پارٹی نے ڈی کے شیوکمار کے نام پر مہر لگا دی۔ قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد اب شیوکمار کے وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ بھی ہموار ہو گیا ہے۔ ڈی کے شیوکمار کے اس عہدے پر انتخاب کو کرناٹک کی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ عہدہ کے مضبوط دعویدار سمجھے جانے والے شیوکمار اب ریاست کی قیادت سنبھالنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کانگریس ہائی کمان نے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے لیے ڈی کے شیوکمار کے نام کی سفارش کی تھی۔ اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے میٹنگ میں ڈی کے شیوکمار کے نام کی تجویز پیش کی، جس کی تائید کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کی۔ اجلاس میں موجود تمام اراکین اسمبلی نے اس تجویز کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ کسی بھی رکن نے اس کی مخالفت نہیں کی، جس کے بعد ڈی کے شیوکمار کو کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔









