نئی دہلی، 25 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے 18 سالہ نوجوان سے اپیل کی وہ ملک کے لیے ریکارڈ تعداد میں اپنا پہلا ووٹ ڈالیں۔ مسٹرمودی نے یہ اپیل آل انڈیا ریڈیو پر نشر ہونے والے ماہانہ پروگرام “من کی بات” میں کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی مہم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی کچھ دن پہلے ہی الیکشن کمیشن نے ایک اور مہم شروع کی ہے، ‘میرا پہلا ووٹ – ملک کے لیے۔ اس مہم کے ذریعے خاص طور پر پہلی بار اپنےحق رائے دہی کا استعمال کرنے والے رائے دہندگان کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہندوستان کو جوش اور توانائی سے بھری اپنی نوجوان طاقت پر فخر ہے۔ ہمارے نوجوان انتخابی عمل میں جتنا زیادہ حصہ لیں گے، اس کے نتائج ملک کے لیے اتنے ہی زیادہ فائدہ مند ہوں گے۔ انہوں نے کہا، “میں پہلی بار اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرنے والوں سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ ریکارڈ تعداد میں ووٹ ڈالیں۔ اٹھارہ سال کے ہونے کے بعد، آپ کو 18ویں لوک سبھا کے لیے ممبران چننے کا موقع مل رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہ 18ویں لوک سبھا نوجوانوں کی امنگوں کی علامت بھی ہو گی۔ اس لیے آپ کے ووٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
عام انتخابات کی اس ہنگامہ خیزی کے درمیان آپ نوجوانوں کو نہ صرف سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بننا چاہیے بلکہ اس دوران ہونے والی بحث و مباحثہ سے بھی آگاہ رہنا چاہیے اور یاد رکھیے گا ، ‘میرا پہلا ووٹ – ملک کے لیے’۔