غازی آباد 25فروری:غازی آباد میں ’ہٹ رن اینڈ ڈریگ‘ کا ایک خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک کار ڈرائیور نے کار کے پیچھے سے ٹکر لگنے کے بعد ٹکر مارنے والے نوجوان کو گاڑی کے بونٹ پر باندھ کر اسے تقریباً 3 کلومیٹر تک گھمایا۔ یہ واقعہ سڑک پر نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی قید ہو گیا ہے۔ اس میں نوجوان کو بونٹ پر لیٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ جھگڑا 2 گاڑیوں کے ٹکرانے سے شروع ہوا۔ اس کے بعد کار ڈرائیور نے نوجوان کو بونٹ پر بٹھا کر تقریباً 3 کلومیٹر تک گھماتا رہا۔ اس کے بعد لوگوں نے ہمت جٹا کر کار رکوائی اور نوجوان کو بونٹ سے نیچے اتارا۔ اس معاملے میں متاثرہ نوجوان نے کوشامبی پولیس تھانے میں کار ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ پولیس نے کار برآمد کر لی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دہلی میں اسی طرح کا ایک ’ہٹ، رن اور ڈریگ‘ کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا تھا۔ اس حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔ دہلی پولیس نے اس معاملے میں غیر اراداتاً قتل کی دفعہ کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی اور ڈرائیور سمیت کل 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔