بھوپال، 24 فروری (رپورٹر) این جی ٹی کے حکم پر بھدبھدا جھگی بستی میں باقی مکانات کو گرانے کا کام جاری ہے۔ دریں اثنا ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری ہفتہ کو بھدبھدا بستی پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے گھر گرائے گئے انہیں پردھان منتری آواس (وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم) دئے جائیں۔
بھوپال کی بھدبھدا بستی میں 3 دنوں میں بلڈوزر نے تقریباً 268 مکانات کو منہدم کر دیا ہے۔ اب مزید 118 مکانات رہ گئے ہیں جنہیں آج ہٹایا جا رہا ہے۔ 500 سے زائد پولیس اہلکاروں کے زیر سایہ جاری کارروائی کے باعث ایک کلومیٹر دور رکاوٹیں لگا کر سڑک کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ اس دوران ریاستی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری بھدبھدا بستی پہنچے اور متاثرہ خاندانوں سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صنعتکاروں، امیروں اور سوٹ بوٹ کی ہے۔ کم از کم ان غریبوں کو ایک ایک پردھان منتری آواس ملنا چاہیے۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ کو خط لکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہم فلموں میں دیکھتے تھے کہ ایک ہوٹل نیشنل گرین ٹریبونل کے دائرہ کار میں آتا تھا لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں رہنے والے خاندانوں کو پردھان منتری آواس ملنا چاہئے۔