بھوپال، 24 فروری (رپورٹر) اسلامی تقویم کے مقدس ترین مہینہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ کل شعبان المعظم کی ۱۴ تاریخ ہے اور پندرہویں شب کی عبادتوں کی فضیلت ہے۔ اس تعلق سے راجدھانی بھوپال میں بھی لوگوں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پندرہویں شب میں بڑی تعداد میں لوگ قبرستانوں میں جاکر اپنے مرحومین کے لئے ایثال ثواب کرتے ہیں۔ اسی کے مد نظر قبرستانوں میں بھی صاف صفائی وغیرہ کے انتظام کئے گئے ہیں۔
شعبان المعظم کی پندرہویں شب کی فضیلت کے تعلق سے ایک حدیث یہاں نقل کی جارہی ہے۔ ارشادد فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ اے عائشہ رضی اللہ عنہا تم جانتی ہو اس رات میں کیا ہوتا ہے، عرض کی یا رسول اللہ بتلائیے، اس میں کیا ہوتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، اس رات میں یہ ہوتا ہے کہ آدم علیہ السلام کی اولاد میں سے جو شخص اس سال پیدا ہوگا اور جو اس سال میں مرے گا اس کا مرنا اور پیدا ہونا لکھا جاتا ہے اور جو فرشتے ان کاموں پر مقرر ہیں ان کو اطلاع دی جاتی ہے اور جتنا جتنا رزق مخلوق کو اس برس میں ملے گا سب لکھا جاتا ہے اور اس پندرہویں رات اللہ تعالیٰ سورج ڈوبتے ہی اس دنیا کے آسمان پر تشریف لاتے ہیں اور ارشاد فرماتے ہیں کہ کوئی نیک بندہ ایسا ہے جو ہم سے بخشش مانگے تو ہم اس کو بخش دیں، کوئی رزق مانگنے تو ہم اس کو رزق دیں۔ کوئی مصیبت کا مارا دعا کرے تو اس کی مصیبت دور کریں۔ اسی طرح صبح ہونے تک ارشاد فرماتے ہیں بس بندوں کو چاہیے کہ اس رات میں خوب عبادت کریں۔ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور پندرہویں تاریخ کو روزہ رکھیں اور اللہ تعالیٰ اس رات میں اپنی مہربانی سے بے شمار بندوں کو بخشتا ہے مگر کافر، مشرک، کینہ رکھنے والے کو اور قاتل کو نہیں بخشتا۔ (مشکوۃ شریف)