ہارسنس (ڈنمارک)، 30 اپریل (یو این آئی) ہندوستان کی مردوں کی بیڈمنٹن ٹیم جمعرات کو ناک آؤٹ ڈرا کے اعلان کے بعد بی ڈبلیو ایف تھامس کپ فائنلز کے کوارٹر فائنل میں چینی تائپے کے مدمقابل ہوگی۔2022 کی چیمپئن ٹیم گروپ اے میں دوسرے نمبر پر رہی۔ انہوں نے کینیڈا (1-4) اور آسٹریلیا (0-5) پر شاندار جیت کے ساتھ پہلے ہی آخری آٹھ میں جگہ پکی کر لی تھی، لیکن بدھ کو چین سے 2-3 کی قریبی ہار کے ساتھ اپنا گروپ اسٹیج ختم کیا۔
چینی تائپے کے لیے کوارٹر فائنل تک کا راستہ کافی مشکل تھا۔ انہیں میزبان ڈنمارک کے خلاف اپنے آخری گروپ سی مقابلے میں سخت چیلنج کا سامنا تھا، جہاں انہیں ٹورنامنٹ میں بنے رہنے کے لیے جیت کی ضرورت تھی۔ دباؤ کے باوجود، وہ ڈرامائی انداز میں جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔دیگر کوارٹر فائنل میچوں میں، گروپ اے میں ٹاپ پر رہنے والی موجودہ چیمپئن چین کا سامنا ملیشیا سے ہوگا۔ گروپ بی کے فاتح جاپان کا مقابلہ فرانس سے ہوگا، جس نے 14 بار کی چیمپئن انڈونیشیا کو ہرا کر بڑا الٹ پھیر کیا ہے۔ میزبان ڈنمارک، جو گروپ سی میں دوسرے نمبر پر رہا، تھائی لینڈ سے بھڑے گا۔
انڈونیشیا تھامس کپ (14 ٹائٹل) میں سب سے کامیاب ٹیم ہے، جس کے بعد چین (11 ٹائٹل) کا نمبر آتا ہے۔ چین نے 2004 اور 2012 کے درمیان ٹورنامنٹ میں اپنی دھاک جمائی اور مسلسل پانچ ٹائٹل جیتے، لیکن 2014 کے سیمی فائنل میں اسے جاپان سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ جاپان نے اسی سال نئی دہلی میں منعقدہ فائنل میں ملیشیا کو ہرا کر اپنا پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔
ڈنمارک نے 2016 میں اس وقت تاریخ رقم کی تھی جب وہ تھامس کپ جیتنے والا پہلا غیر ایشیائی ملک بنا، اس نے فائنل میں انڈونیشیا کو شکست دی تھی۔ چین نے 2018 میں بینکاک میں جاپان پر 1-3 کی جیت کے ساتھ ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا۔ 2020 کا ایڈیشن، جسے کووڈ-19 کی وجہ سے 2021 تک کے لیے ٹال دیا گیا تھا، اس میں انڈونیشیا نے چین پر 0-3 کی جیت کے ساتھ 19 سال کے بعد خطاب پر قبضہ کیا ۔ 2022 میں، ہندوستان نے بینکاک میں فائنل کے دوران انڈونیشیا کو 0-3 سے ہرا کر اپنا پہلا تھامس کپ ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندوستان یہ ٹورنامنٹ جیتنے والا محض چھٹا ملک بن گیا۔ چین نے حال ہی میں چینگدو میں ہونے والے فائنل میں انڈونیشیا کو 1-3 سے ہرا کر دوبارہ ٹاپ پر واپسی کی ہے۔