اولان بتار،9 اپریل ( یو این آئی)اولان بتار میں جاری ایشین باکسنگ چیمپئن شپ 2026 میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار طلائی، دو چاندی اور چار کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 10 میڈلز اپنے نام کر لیے اور میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ہیڈ کوچ سینٹیاگو نیوا کی نگرانی میں ہندوستانی خواتین ٹیم کی ہر رکن میڈل جیتنے میں کامیاب رہی، جس سے براعظمی سطح پر بھارت کی برتری واضح ہو گئی۔باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اجے سنگھ کی موجودگی میں میناکشی (48 کلوگرام) نے منگولیا کی نومونداری اینخ-امگلن کو 5-0 سے شکست دے کر ہندوستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتا۔پریتی (54 کلوگرام) نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائنیز تائپے کی ہواںگ سیاو-وین، جو تین بار کی عالمی چیمپئن اور ٹوکیو 2020 اولمپکس کی کانسی میڈلسٹ رہ چکی ہیں، کو 5-0 سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔
پریہ (60 کلوگرام) نے فائنل میں شمالی کوریا کی وون اُن-گیونگ کو 3-0 سے شکست دے کر ایک اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔اسی طرح اروندھتی (70 کلوگرام) نے قازقستان کی باکیت سیدیش کے خلاف 4-1 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے بھارت کے لیے چوتھا طلائی تمغہ جیتا۔ہندوستان نے دو چاندی کے تمغے بھی جیتے، جن میں جیسمین (57 کلوگرام) مضبوط کارکردگی کے باوجود رنر اپ رہیں، جبکہ الفیان پٹھان (80 کلوگرام) نے بھی فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل حاصل کیا۔اس ایڈیشن میں ہندوستان نے سب سے زیادہ 16 میڈلز یقینی بنا کر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ اب جمعہ کو ہونے والے مقابلوں میں دو ہندوساتنی مرد باکسرز فائنل کھیلیں گے، جہاں ٹیم اپنی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرامید ہے۔









