ممبئی 9اپریل: مہاراشٹر کی سیاست میں بارامتی اسمبلی حلقہ کے لیے ضمنی انتخاب نے ایک اہم موڑ لے لیا ہے۔ کانگریس نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ اس ضمنی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی۔ یہ فیصلہ سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے بعد خراج عقیدت پیش کرنے کے طور پر لیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد اب بارامتی اسمبلی سیٹ پر انتخاب کا ماحول پوری طرح بدل گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر رمیش چنیتھالا نے صاف لفظوں میں کہا ہے کہ پارٹی نے اپنے امیدوار کو میدان سے ہٹانے کی ہدایت دے دی ہے۔ کانگریس امیدوار آکاش مورے نے پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا تھا، لیکن اب اسے واپس لیا جائے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پرچۂ نامزدگی واپس لینے کا آج آخری دن ہے، اس لیے یہ فیصلہ انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
اس معاملہ میں کانگریس کا کہنا ہے کہ بارامتی ضمنی انتخاب اجیت پوار کے افسوسناک انتقال کے سبب ہو رہا ہے، اس لیے پارٹی نے اعزاز کے طور پر انتخاب نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ ایسے وقت میں سیاسی مقابلے سے دور رہنا مناسب ہے۔ یہ قدم سیاسی اخلاقیات اور حساسیت کو دھیان میں رکھ کر اٹھایا گیا ہے۔ اس فیصلہ سے قبل کئی لیڈران نے کانگریس سے انتخاب نہ لڑنے کی اپیل کی تھی۔ شرد پوار، سپریا سولے اور روہت پوار سمیت کئی لیڈران نے کانگریس سے ضمنی انتخاب کو بلامقابلہ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ یہ انتخاب ایک دردناک حادثہ کے بعد ہو رہا ہے، اس لیے اسے باعزت طریقے سے ہونا چاہیے۔









