بھوپال، 22 فروری (رپورٹر) لوک آیکت پولیس کی طرف سے باقاعدہ کارروائی کے باوجود رشوت ستانی اور بدعنوانی پر قابو نہیں پایا جا رہا ہے۔ ایسے ہی ایک معاملے میں جمعرات کو بھوپال لوک آیکت نے ودیشا ضلع کے سرونج میں میڈیکل کالج کے بی سی ایم کو سات ہزار روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ ملزم بی سی ایم نے آشا ورکر کو مراعاتی رقم دینے کے عوض رشوت مانگی تھی۔معلومات کے مطابق جھوکرہوج گاؤں کی آشا ورکر ہری بائی نے 14 فروری کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لوک آیکت سے شکایت کی تھی۔ جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ راجیو گاندھی اسمرتی اسپتال کے بی سی ایم سندھیا جین (32) آشا کارکنوں کو مراعاتی رقم دینے کے عوض رشوت مانگ رہی ہے۔ جانچ کے بعد شکایت درست ملنے پر لوک آیکت نے بی سی ایم کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا منصوبہ بنایا۔ منصوبے کے مطابق جمعرات کی دوپہر شکایت کنندہ آشا ورکر رشوت کی رقم لے کر ملزم بی سی ایم سندھیا جین کے پاس پہنچی، جیسے ہی بی سی ایم سندھیا نے رشوت کی رقم لی، لوک آیکت پولیس نے چھاپہ مار کر اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ فی الحال لوک آیکت پولیس ملزم سندھیا کے خلاف سیکشن 7 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کے تحت کارروائی کررہی ہے۔