بنگلورو، 22 فروری (یو این آئی) ویمنز پریمیئر لیگ 2024 (ڈبلیو پی ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی سیشن میں شاہ رخ خان، شاہد کپور، ٹائیگر شراف، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا اور کارتک آرین سمیت دیگربالی ووڈ اسٹارز شائقین کو محظوظ کریں گے۔بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم، میں کل شام 1830 بجے ڈبلیو پی ایل کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ 32 ہزار گنجائش والے اسٹیڈیم میں شاہ رخ خان، شاہد کپور، ٹائیگر شراف، ورون دھون، سدھارتھ ملہوترا اور کارتک آرین سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز شائقین کو محظوظ کریں گے۔ شاہ رخ خان انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک بھی ہیں۔افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن اور ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور کی قیادت والی ممبئی انڈینز اور گزشتہ سال کی رنر اپ دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ اس بار ٹورنامنٹ میں ممبئی انڈینز، رائل چیلنجرز بنگلور، گجرات جائنٹس، دہلی کیپٹلس اور یوپی واریئرز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان ٹیموں کے درمیان 20 لیگ میچز سمیت کل 22 میچز کھیلے جائیں گے۔ ایک ایلیمینیٹر اور فائنل میچ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے 11 میچ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم اور اتنے ہی میچ بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔