بوسان، 21 فروری (یو این آئی) ہندوستانی مرد اور خواتین کی ٹیمیں بدھ کو اپنے اپنے میچ جیت کر ورلڈ ٹیم ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ مردوں کی ٹیم نے قزاقستان کو 3-2 سے اور خواتین کی ٹیم نے اٹلی کو 3-0 سے شکست دی۔آج یہاں کھیلے گئے مردوں کے زمرے کے میچ میں ہرمیت دیسائی کو پہلے میچ میں کیرل گیراسیمینکو سے 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد دوسرے سنگلز میچ میں شرتھ کمال نے ایلن کرمنگالییف سے دو گیم پیچھے رہنے کے بعد واپسی کی اور 3-2 سے جیت کر ہندوستان کو برابری پر لے آئے۔ جی ساتھیان نے اس کے بعد ہندوستان کو 3-1 کی آرام دہ جیت کے ساتھ برتری دلائی۔ شرتھ کمال اپنا دوسرا سنگلز میچ کرل سے 1-3 سے ہار گئے۔ فیصلہ کن میچ میں ہرمیت نے صبر کے ساتھ کھیلا اور مردوں کی ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں لے کر 3-1 سے فتح درج کرائی۔ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا مقابلہ پری کوارٹر فائنل میں میزبان جنوبی کوریا سے ہوگا۔خواتین کے زمرے میں سریجا اکولا نے 20 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں نکولیٹا اسٹیفانووا کو 3-0 سے شکست دے کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ منیکا بترا نے اٹلی کی جارجیا پیکولین کو صرف 23 منٹ میں 3-0 سے شکست دی۔ پہلے دو گیمز جیتنے کے بعد آیہکا مکھرجی تھوڑی دیر کے لیے ہچکچاہٹ کا شکار ہوئیں لیکن گایا مونفرڈینی کو 3-1 سے شکست دے کر ہندوستان کو پری کوارٹر فائنل میں بھیج دیا۔ہندوستانی خواتین کی ٹیبل ٹینس ٹیم کوارٹر فائنل میں جگہ کے لیے چائنیز تائپے کا مقابلہ کرے گی۔ اگر ہندوستانی ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو اسے اولمپک کوٹہ مل جائے گا۔