ممبئی21فروری: ریڈیو کے مشہور اناؤنسر اور ٹاک شو کے میزبان امین سیانی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق امین سیانی کل یعنی منگل کی شام ممبئی میں آخری سانس لی۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔ امین سیانی کے بیٹے راجل سیانی نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ امین سیانی کے انتقال کی خبر سے ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مرحوم امین سیانی کے بیٹے نے میڈیا کو بتایا کہ امین سیانی کو منگل کی شام 6.00 بجے جنوبی ممبئی میں ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر جنوبی ممبئی میں واقع ایچ این ریلائنس فاؤنڈیشن اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا مگر کچھ دیر بعد ہی انہیں مردہ قرار دے دیا۔ امین سیانی کو ہائی بلڈ پریشر اور عمر سے متعلق دیگر امراض لاحق تھے اور وہ پچھلے 12 سال سے کمر درد میں بھی مبتلا تھے اور اسی وجہ سے انہیں واکر کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق امین سیانی کی آخری رسومات کل یعنی 22 فروری کو ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔
امین سیانی 21 دسمبر 1932 کو ممبئی میں پیدا ہوئے۔ امین سیانی نے ریڈیو کی دنیا میں بڑا نام کمایا۔ ان کی آواز کا جادو لوگوں کے دلوں میں گھر کر گیا۔ امین سیانی نے اپنے کیریئر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو، ممبئی سے بطور ریڈیو پریزنٹر کیا۔ یہاں ان کے بھائی حامد سیانی نے ان کا تعارف کرایا تھا۔ انہوں نے یہاں 10 سال تک انگریزی پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے آل انڈیا ریڈیو کو ہندوستان میں مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔