دیواس، 20 فروری (ایجنسی) دیواس بائی پاس فیملی ڈھابے کے پاس شوبھم اور اس کے دوستوں نے رام سنگھ مکوانا کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہوئے اس کے ساتھ فحش حرکتیں کیں اور اسے اپنے پیروں پر گرا کر ناک رگڑنے پر مجبور کیا۔مدھیہ پردیش میں ایک بار پھر دلت کے ساتھ ظلم کیے جانے کا معاملہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیواس میں اجین کے ایک دلت نوجوان کو پیٹنے اور پیروں پر ناک رگڑوانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔ یہ واقعہ پیسوں کے لین دین کا بتایا جارہا ہے۔نیوز پورٹل ’آج تک‘پر شائع خبر کے مطابق یہ واقعہ 8 فروری کی رات کا ہے اور دیواس بینک نوٹ پریس تھانہ پولیس نے اس پر 17 فروری کو ایف آئی آر درج کی ہے۔ خبر کے مطابق چندیسرا (اجین) کے رہنے والے رام سنگھ مکوانا کو دتانا (اجین) کے رہنے والے اس کے دوست شوبھم راجپوت نے 8 فروری کو دیواس میں دوست کے گھر سالگرہ کا جشن منانے کے بہانے لایا۔ دیواس میں بائی پاس پر فیملی ڈھابہ کے پاس شوبھم اور اس کے دوستوں نے رام سنگھ مکوانا کے ساتھ مار پیٹ کیا، اس کے ساتھ فحش حرکتیں کیں اور اسے اس کی ذات کی بنیاد پر گالیاں بھی دیں۔اس معاملے میں پولیس نے شوبھم سمیت 7 دیگر ملزمین کے خلاف ایس سی / ایس ٹی قانون کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس ضمن میں شوبھم اور اس کے 2 دیگر ساتھیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔ متاثرہ نوجوان کے مطابق ملزم شوبھم اور اس کے دوستوں نے اس سے مارپیٹ کرتے ہوئے اس سے زبردستی 5 لاکھ روپئے کی مانگ کی۔ روپئے نہ دینے پر ملزمین نے اس کو جم کر پیٹا اور گندی گندی گالیاں دیں۔