سوکنیا سمردھی یوجنا ایک اختراعی اسکیم ہے: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو

0
15

بھوپال:19فروری:چیف پوسٹ ماسٹر جنرل مدھیہ پردیش مسٹر برجیش کمار نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سے ملاقات کی اور مدھیہ پردیش پوسٹل سرکل کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ مسٹربرجیش کمار نے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو بھگوان شری رام دربار کی تصویر پیش کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بیٹیوں اور بہنوں کی فلاح و بہبود کے لیے چلائی جانے والی بچت اور انشورنس اسکیموں کا جائزہ لینے کے لیے ویمن چائلڈ ڈیولپمنٹ اور محکمہ ڈاک کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو رام مندر پر حال ہی میں محکمہ ڈاک کی طرف سے جاری کیاگیاخصوصی ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو حکومت کی اہم اسکیموں بشمول سوکنیا سمردھی یوجنا اور مدھیہ پردیش پوسٹل سرکل کے تحت پوسٹ آفس کے ذریعہ چلائی جارہی دیگر بچت اسکیموں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سوکنیا سمردھی یوجنا ایک اختراعی اسکیم ہے۔ بیٹیوں کے مفاد میں اسکیم کو مدھیہ پردیش میں اچھی طرح سے نافذ کیا جا رہا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ محکمہ ڈاک کی طرف سے بیٹیوں اور بہنوں کے مفاد میں دیگر بچت اور انشورنس اسکیموں کو بھی تمام اضلاع میں پھیلایا جائے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہو گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ جلد ہی خواتین اور بچوں کی ترقی اور محکمہ ڈاک کے عہدیداروں کی مشترکہ میٹنگ میں ان اسکیموں کا جائزہ لیا جائے گا اور بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے کام کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ سوکنیا سمردھی یوجنا بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ اسکیم کا ایک حصہ ہے۔ اس میں دس سال سے کم عمر بچی کے والدین اکاؤنٹ شروع کر سکتے ہیں۔ کم از کم جمع کی رقم 250 روپے ہے۔ اکاؤنٹ 21 سال میں میچور ہو جاتا ہے۔ یہ اسکیم بیٹیوں کی تعلیم اور ان کی شادی کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اگر والدین چاہیں تو بیٹی کی 18 سال کی عمر میں شادی ہونے تک اکاؤنٹ آپریٹ کر سکتے ہیں۔ اسکیم میں شرح سود 8.2 فیصد ہے۔ اس اسکیم میں انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کی دفعہ 80C کے تحت ایک سال میں 1.5 لاکھ روپے تک کی چھوٹ کا بھی انتظام ہے۔ یہ اسکیم مرکزی حکومت نے 2015 میں شروع کی تھی۔