بھوپال، 9 جنوری : دارالحکومت بھوپال 11 جنوری کو مولانا آزاد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MANIT) میں فِٹ اِنڈیا سنڈے آن سائیکل کے 56 ویں ایڈیشن کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جس میں ایتھلیٹس، سیلیبرٹیز، فٹنس اِنفلوئنسرز اور مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے عام شہریوں سمیت 1200 سے زائد شرکاء شریک ہوں گے۔ اس ایڈیشن کے خصوصی شراکت دار نوجوان قائدین ہیں جو فِٹ اِنڈیا سنڈے آن سائیکل مہم کو نوجوانوں میں فروغ دے رہے ہیں۔ فِٹ اِنڈیا سنڈے آن سائیکل کی شروعات دسمبر 2024 میں مرکزی وزیر برائے نوجوان امور و کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک عوامی تحریک بن گئی اور اب تک ملک بھر میں دو لاکھ سے زائد مقامات پر بائیس لاکھ سے زیادہ افراد اس میں حصہ لے چکے ہیں۔ 11 جنوری کے پروگرام میں مدھیہ پردیش کے کھیل کے وزیر شری وِشواس کیلاش سارنگ، بھارتی اداکارہ پائل روہتگی، اولمپین جڈو پلیئر گریما چوہدری، کرکٹر انیکیت اوم شانکر ورما، ہاکی پلیئر عبدالاحد، کینو اسپرنٹ ایتھلیٹ ہرش وردھن سنگھ، جڈو پلیئر شردھا کڈو بَل چوپڑے، پش گنگہس، یوگِتا مانڈوی اور کائیکنگ ایتھلیٹ جسپریت سنگھ خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اپنی نشریاتی گفتگو ‘من کی بات’ میں متعدد مرتبہ فِٹ اِنڈیا سنڈے آن سائیکل کا ذکر کر چکے ہیں اور یہ بات اجاگر کی ہے کہ اس تحریک کے ذریعے ملک میں صحت، روزمرہ نظم و ضبط، جسمانی سرگرمی اور انفرادی و قومی فلاح کے درمیان توازن کا شعور بیدار ہو رہا ہے۔ یہ مہم دو اہم موضوعات #FightObesity اور #PollutionKaSolution پر مرکوز ہے، جس کے تحت شہریوں کو فٹ رہنے کا آسان اور دل چسپ طریقہ فراہم کیا جاتا ہے، ساتھ ہی کاربن فُٹ پرنٹ میں کمی کی ترغیب بھی دی جاتی ہے۔ بھوپال کے کالجوں، اسکولوں، نوجوان تنظیموں اور کمیونٹی گروپس سے وابستہ نوجوان اس اجتماعی سائیکل ریلی میں ان خصوصی مہمانوں کے ساتھ سائیکلنگ کریں گے، جب کہ ساتھ ہی ساتھ یوگا، زومبا، رَسّہ کشی، رسی کود اور دیگر فٹنس سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ فِٹ اِنڈیا موومنٹ کی بنیاد 29 اگست 2019 کو وزیر اعظم کے ہاتھوں رکھی گئی تھی، جس کا مقصد عوامی سطح پر طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی لا کر زیادہ جسمانی طور پر متحرک معاشرہ تشکیل دینا ہے۔









