ممبئی، 18 فروری (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ ہندوستانی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اگر وہ ملک کے لئے کھیلنا چاہتے ہیں تو انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں خود کو ‘ثابت’ کرنا ہوگا۔شاہ نے اس ہفتے کے شروع میں کھلاڑیوں کو لکھے ایک خط میں کہا کہ بورڈ کو انڈین پریمیئر لیگ کی کامیابی پر فخر ہے لیکن کھلاڑیوں کا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو ڈومیسٹک کرکٹ پر ترجیح دینے کا رجحان ہماری تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے لکھا، “کچھ کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ پر آئی پی ایل کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔ یہ ایک رجحان کے طور پر ابھرنا شروع ہو گیا ہے اور یہ ہمارے لیے تشویش کا باعث ہے۔ ہم نے کبھی اس طرح کی چیزوں کی توقع نہیں کی تھی۔ ڈومیسٹک کرکٹ ہمیشہ سے وہ بنیاد رہی ہے جس پر ہندوستانی کرکٹ کھڑی ہے۔ ہم نے کبھی بھی اس ٹورنامنٹ کو کم اہمیت دینے کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے کہا، “یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ ہندوستانی کرکٹ کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ یہ کئی برسوں سے ہندوستانی ٹیم کو مسلسل نئے ٹیلنٹ دے رہا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے لیے ہمارا نظریہ شروع سے ہی واضح رہا ہے کہ ہر وہ کرکٹر جو ہندوستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہے اسے ڈومیسٹک کرکٹ میں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں کسی بھی کھلاڑی کی کارکردگی کو سلیکشن کے عمل میں بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ نہیں لیتا ہے تو اس کے سنگین مضمرات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ خط کسی کھلاڑی پر تنقید نہیں ہے بلکہ ان اقدار کی یاد دہانی ہے جنہوں نے گزشتہ برسوں میں ہندوستانی کرکٹ کی رہنمائی کی ہے۔ ہم اجتماعی طور پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم کسی بھی طرح سے ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت کو کم کرنا یا اس کے بنیادی ڈھانچے کو کمزور نہیں کرنا چاہتے۔ ہندوستانی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں ایشان کشن، شریاس آئر اور دیپک چہار جیسے کھلاڑیوں کے بارے میں کافی چرچا ہے جو ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ بی سی سی آئی کے معاہدے کے مطابق شریاس ائیر گریڈ بی میں ہیں جبکہ ایشان کشن گریڈ سی میں ہیں۔