دبئی، 15 دسمبر (یو این آئی ) ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی شیفالی ورما اور جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر کو نومبر کے ماہ کے بہترین خواتین اور مرد کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔شیفالی ورما کو یہ اعزاز نوی ممبئی کے ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف خواتین ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں شاندار کھیل کے لیے دیا گیا۔ فائنل میچ میں انہوں نے اوپننگ بیٹسمین کے طور پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اسمریتی مندھانا کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے سون لوس اور میری جان کیپ کے وکٹ بھی حاصل کیے۔شیفالی ورما نے کہا کہ نومبر کے ماہ کے لیے بہترین خواتین کھلاڑی منتخب ہونے پر میں واقعی فخر محسوس کر رہی ہوں۔ یہ اعزاز میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں، کوچز، خاندان اور ان تمام لوگوں کے نام کرتی ہوں جنہوں نے میری کرکٹ کے سفر میں میرا ساتھ دیا۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر جیتتے اور ہارتے ہیں، یہی بات اس اعزاز پر بھی لاگو ہوتی ہے۔دائیں ہاتھ کے اسپنر سائمن ہارمر نے بنگلہ دیش کے تاجل الاسلام اور پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی بار یہ باوقار اعزاز حاصل کیا۔ہارمر نے کہا،نومبر کے لیے آئی سی سی مرد کھلاڑی آف دی منتھ منتخب ہونا میرے لیے خوشی کی بات ہے۔ اپنے ملک کے لیے کھیلنا ایک خواب کے پورا ہونے جیسا ہے اور جو کچھ اس کے نتیجے میں ملتا ہے وہ ایک بونس ہے۔ہارمر نے مزید کہا،”میں یہ اعزاز اپنے ٹیم میٹس، کوچ اور سپورٹ اسٹاف کے ساتھ بانٹتا ہوں اور اسے اپنے خاندان کے نام کرتا ہوں، جو مجھے باہر جا کر اپنے خواب کو جینے دیتے ہیں۔









