ممبئی 16فروری:مراٹھا ریزرویشن کو لے کر جاری سرگرمیوں کے درمیان ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مراٹھا ریزرویشن کے لیے تشکیل دی گئی گائیکواڈ کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے۔ یعنی مراٹھا ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر مہاراشٹر میں جاری تحریک کا حکومت پر صاف اثر دکھائی پڑ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گائیکواڈ کمیٹی نے اپنی رپورٹ بھی جلدی ہی حکومت کے حوالے کر دی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق گائیکواڈ کمیٹی کی اس رپورٹ کو 20 فروری کو ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ ایکناتھ شندے کا کہنا ہے کہ او بی سی ریزرویشن کو بغیر نقصان پہنچائے مراٹھوں کو ریزرویشن ملے گا۔ ریزرویشن کی جانکاری دیتے ہوئے ایکناتھ شندے نے یہ بھی کہا کہ دیویندر فڑنویس اس کے پہلے جب وزیر اعلیٰ تھے تب بھی انھوں نے مراٹھا سماج کو ریزرویشن دیا تھا، لیکن وہ عدالت میں ٹھہر نہیں سکا۔ ہم مراٹھا سماج کو اب ایسا ریزرویشن دینے جا رہے ہیں جو قانون کی بنیاد پر ہوگا۔ یہ ریزرویشن سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں بھی ٹھہرے گا۔ ایکناتھ شندے کا کہنا ہے کہ گائیکواڈ کمیٹی نے رات دن کام کر کے یہ رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ میں سوا دو کروڑ مراٹھا لوگوں کا سروے کیا گیا ہے۔ شندے نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں امید ہے کہ اس رپورٹ کے نافذ ہونے کے بعد مراٹھا سماج تعلیمی و معاشی طور پر مضبوط ہوگا۔
ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی بتایا کہ او بی سی سماج کے ریزرویشن کو بغیر چھوئے ہم مراٹھوں کو ریزرویشن دینے میں کامیاب ہوں گے۔ 20 فروری کو خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے، جس میں اسے پیش کیا جائے گا۔