بسواں سیتاپور (پریس ریلیز) ذھنی نشو و نما اور فکری و علمی اِرتقاء میں کھیل کود اور ریاضت و مجاہدہ بُنیادی عنصر اور مرکزی حیثیت کے حامل ہیں، اسی لیے احادیثِ مبارکہ میں قوی اور طاقتور مومن کی فضیلت بیان کی گئی ہے، قابل ستائش ہیں وہ تمام تعلیمی اور تربیتی ادارے جو اپنے طلباء اور طالبات کی ذھنی نشو و نما اور فکری و علمی اِرتقاء کے لئے مقابلہ جاتی کھیلوں کا انعقاد کر کے اُن میں سبقت لے جانے والے طلباء اور طالبات کو انعام و اکرام، گولڈ میڈل، اور اعزازی اسناد سے نواز کر دوسرے طلباء اور طالبات کی حوصلہ آفزائی کے لئے مہمیز کا کام کرتے ہیں، اور قابل مبارکباد ہیں ادارہ کے سربراہ جناب ڈاکٹر شاھد اقبال علیگ صاحب جو بچوں کے سنہرے اور تابناک مستقبل کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں” ان خیالات کا اظہار فرقانیہ ایجوکیشنل سوسائٹی بسواں نامی تنظیم کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر توکل حُسین میموریل اسپورٹس اینڈ کلچرل پروگرام کے ماتحت منعقد تقسیمِ انعامات تقریب کے موقع پر معروف صحافی اور مشہور سماجی شخصیت مولانا *مفتی محمد خبیر ندوی علیگ* نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں قاضی شہر جناب *مولانا جاوید اقبال ندوی* نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ “کھیل بچوں کی فطرت اور سب سے زیادہ پسندیدہ عمل ہوتا ہےکھیلوں کا زندگی میں بہت اہم کردار ہوتا ہے ایک اچھا کھیلاڑی زندگی میں آنے والے چیلنجز اور مسائل کا حل بہتر طریقے سے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی لیے اسکولوں کے نظام الاوقات میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ریاضیاتی سرگرمیوں کے لئے کھیل کا بھی انتظام ہونا چاہئے،۔
نیز اس سلسلے میں سرپرستوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اپنے بچوں کو کھیلنے کے مواقع بھی فراہم کریں” تقریب میں *ماسٹر شاہ عالم* صاحب اور پی ٹی آئی *ماسٹر محمد اسلم* نے اپنے اپنے انداز میں کہا کہ کھلاڑیوں کے لئے سرکاری نوکریوں میں بھی بہت سے مواقع دستیاب ہیں اس کے باوجود آج کھیلوں کی طرف عوام کا رجحان کم ہو رہا ہے جو تشویش کی بات ہے، دیگر مقررین میں اسرار *احمد انصاری ایڈووکیٹ ہائی کورٹ لکھنؤ، مشہور شاعر انور بسوانی، ڈاکٹر سعید الحسن انیس، ڈاکٹر آصف اقبال علیگ، موہت جیسوال، چاند میاں، اور ملی کارکن شاعر نیر شکیب* صاحبان کے اسمائے گرامی خصوصیت سے قابل ذکر ہیں ان سبھی مقررین نے موجودہ دور میں کھیلوں کی اہمیت اور افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے ادارہ کے منتظم اعلی محترم ڈاکٹر شاھد اقبال علیگ کو مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے کہ بسواں ضلع سیتاپور کی ممتاز اور منفرد فرقانیہ ایجوکیشنل سوسائٹی بسواں نامی تنظیم جس کے زیرِ انتظام فرقانیہ گرلز ہائی اسکول، مُسلم فرقانیہ بوائز ہائی اسکول، مدرسہ الفرقانیہ سمیت متعدد تعلیمی، ثقافتی اور تربیتی ادارے رواں دواں ہیں، انہیں اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اور طالبات کھیلوں سمیت مختلف مقابلاتی مسابقوں میں حصہ لے کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہیں اُنھیں گولڈ میڈل، اعزازی اسناد اور انعامات سے نواز کر حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ دیگر طلباء اور طالبات کے یہ اعزازات مهمیز بن سکیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت شریف کا نذرانہ طلباء اور طالبات نے پیش کیا، تقریب کی نظامت مشہور عالم دین اور مقرر مولانا عاصم اقبال ندوی نے کی، تقریب کا اختتام دعاء پر ہُوا اخیر میں پر تکلف ظہرانہ پیش کیا گیا،








