بریلی:04؍دسمبر:( سلام شیخ) گزشتہ دنوں عرس بشیری، کے موقع پر خانقاہ شرافتیہ ثقلینیہ کے نورانی ماحول میں ایک نہایت باوقار اور روح پرور محفل کا انعقاد ہوا۔ خانقاہ کے مہمان خانے میں صاحبِ سجادہ حضرت قبلہ محمد غازی میاں دامت برکاتہم العالیہ کے دستِ مبارک سے مختار احمد تلہری کی تصنیف کردہ کتاب “عکسِ مشائخ” کا رسمِ اجرا عمل میں آیا۔
تقریبِِ اجرا میں علاقے کے علاوہ ممبئی سے تشریف لائے معززین، محبانِ اولیا اور سلسلہ شرافتیہ ثقلینیہ کے وابستگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں روحانی حرارت، نعت و منقبت کی خوشبو اور مشائخ کے فیضان کا رنگ نمایاں تھا۔ 280 صفحات پر مشتمل یہ کتاب “عکسِ مشائخ” سلسلہ شرافتیہ ثقلینیہ کے تمام مشائخِ کرام کے مختصر مگر جامع تعارف پر مشتمل ہے۔ ساتھ ہی ہر بزرگ کی سیرت اور احوال کی روشنی میں منتخب منقبتیں بھی شامل کی گئی ہیں، جو کتاب کو مزید قیمتی اور یادگار بناتی ہیں۔
شرکاء نے مصنف کی علمی کاوش کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ یہ کتاب سلسلۂ شرافتیہ ثقلینیہ کی علمی و روحانی امانت کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ سجادہ حضرت قبلہ محمد غازی میاں حضور نے دعاؤں سے خوب نوازا۔ مختار تلہری صاحب نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔









