پٹنہ: راہل گاندھی کی قیادت میں جاری کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا اس وقت بہار کے ساسارام سے گزر رہی ہے۔ یہاں بھی عوام میں اس یاترا اور راہل گاندھی کے تئیں جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ آر جے ڈی کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے بھی شرکت کی ہے۔ دریں اثنا، راہل گاندھی جس کار میں بیٹھے، اسے تیجسوی یادو ڈرائیو کرتے ہوئے نظر آئے۔ جس وقت تیجسوی یادو کار ڈرائیو کر رہے تھے، راہل گاندھی لوگوں کا خیرمقدم کر رہے تھے۔ دریں اثنا، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر زبانی حملہ کیا۔ جمعہ کے روز انہوں نے بہار کے شہر ساسارام میں ایک کسان پنچایت کے دوران خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سب کچھ کاروباری شخصیت گوتم اڈانی کو دیا جا رہا ہے لیکن کسانوں اور نوجوانوں کی کوئی بات نہیں کی جا رہی ہے۔ صرف اور صرف اڈانی کا ذکر ہو رہا ہے۔ کیرالہ کے وائناڈ سے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کے بیان کے مطابق، ’’ایک جانب کسان کو اُس کی پیداوار کا مناسب دام نہیں ملتا، دوسری جانب اُس کی زمین بھی خریدی جا رہی ہے۔ ہم ملک کی ترقی کے خلاف نہیں ہیں۔ ہم یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ترقی کس طرح کی ہو رہی ہے اور یہ ترقی کس کے لیے ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’آپ لوگوں نے مجھے یہاں بتایا ہے کہ یہاں جسے ترقی کہا جا رہا ہے وہ کسان مخالف ہے۔ وہ مزدوروں اور چھوٹے تاجروں کے خلاف ہے۔ پھر یہ کیسی ترقی ہوئی؟‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ترقی کے نام پر ملک کی تمام چیزیں چھین کر اڈانی جی کو دی جا رہی ہیں۔ ہوائی اڈوں سے لے کر بندرگاہوں تک ان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جب ہم ترقی کی بات کر رہے ہیں تو کس چیز کی بات کر رہے ہیں؟ کیا ہم مزدوروں، نوجوانوں، کسانوں، بے روزگاروں کی بات کر رہے ہیں یا ہم اڈانی کی بات کر رہے ہیں؟ مجھے لگتا ہے کہ آج جسے ترقی کہا جا رہا ہے وہ ترقی نہیں بلکہ چوری ہے۔
کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت دو افراد زخمی
سری نگر،16فروری(یو این آئی)جنوبی ضلع کولگام میں جمعے کے روز کرنٹ لگنے سے دو افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کولگام میں ایچ ٹی لائن گرنے کی وجہ سے دو افراد جن کی شناخت نسرین بانو زوجہ محمد سبحان کمار اور اویس رمضان کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوئے۔