ممبئی 24نومبر:بالی ووڈ کے سُپر اسٹار اور ’ہی مین‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر کے انتقال نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ان کے چاہنے والوں میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کی آخری رسومات آج بغیر کسی شور شرابہ کے ممبئی واقع وِلے پارلے میں ادا کر دی گئیں۔ 6 دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں سرگرم رہنے والے دھرمیندر نے کئی فلموں میں کام کیا اور مداحوں کو محظوظ کیا۔ اداکار گزشتہ کافی عرصہ سے بیمار تھے۔ قابل ذکر ہے کہ دھرمیندر کا علاج اُن کے جوہو واقع گھر پر ہی چل رہا تھا۔ پیر کی دوپہر اُن کے بنگلہ ’سنی وِلا‘ میں اچانک سرگرمیاں تیز ہو گئیں، جس سے علاقے میں ہلچل مچ گئی اور پھر موت کی خبر گردش کرنے لگی۔ سنی وِلا میں جب ایمبولینس پہنچی تو سرگرمیاں مزید بڑھتی ہوئی دیکھی گئیں۔ بعد ازاں دھرمیندر کے جسد خاکی کو پون ہنس کے وِلے پارلے لے جایا گیا، جہاں اہلِ خانہ کی موجودگی میں ان کی آخری رسومات فوری طور پر ادا کر دی گئی۔ اس دوران گھر والوں نے انتہائی خاموشی اختیار کیے رکھی اور سخت سیکورٹی کے درمیان اداکار کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔ آخری رسومات میں اہل خانہ کے علاوہ بالی ووڈ کی کچھ مشہور ہستیاں موجود تھیں۔ امیتابھ بچن اور عامر خان سمیت بالی ووڈ کے کئی بڑے ستارے وِلے پارلے کے شمشان گھاٹ پہنچتے نظر آئے۔