نئی دہلی24نومبر:ایک بھارتی خاتون نے الزام لگایا ہے کہ انہیں شنگھائی پڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 18 گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا کیونکہ چینی حکام نے ان کا بھارتی پاسپورٹ یہ کہہ کر ’Invalid‘ قرار دیا کہ ان کی جائے پیدائش اروناچل پردیش ہے۔ خاتون نے اپنی شناخت پیم وانگ تھونگڈوک کے طور پر ظاہر کی ہے اور یہ فی الحال برطانیہ میں مقیم ہیں،انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چینی حکام نے ان کے دستاویزات قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کے مطابق یہ واقعہ 21 نومبر 2025 کو پیش آیا جب وہ لندن سے جاپان کے سفر پر تھیں۔
انہوں نے لکھا : ’’مجھے 21 نومبر 2025 کو شنگھائی ایئرپورٹ پر 18 گھنٹے سے زیادہ روکے رکھا گیا۔ چین امیگریشن اور چائنا ایسٹرن ائیرلائن نے میرا بھارتی پاسپورٹ ’غیر کارکرد‘ قرار دے دیا کیونکہ میری جائے پیدائش اروناچل پردیش ہے، جسے وہ چین کا علاقہ قرار دیتے ہیں۔‘‘









