راجکوٹ، 16 فروری (یو این آئی) بین ڈکٹ کی دھماکہ خیز سنچری کی مدد سے انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو اپنی پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹ پر 207 رن بنا لیے ہیں۔ہندستان کے 445 رن کے جواب میں انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی جیک کرولی اور بین ڈکٹ نے پہلی وکٹ کے لیے 89 رن جوڑے۔ اشون نے انگلینڈ کو پہلا جھٹکا جیک کراؤلی کو 15 رن پر آر پاٹیدار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 500 وکٹیں مکمل کر لیں۔ اس کے بعد سراج نے 30ویں اوور میں اولی پوپ کو 39 رن پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ آج کے کھیل کے اختتام تک بین ڈکٹ 118 گیندوں پر 21 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 133 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور جو روٹ نو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہندستان کی جانب سے آر اشون اور سراج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل روہت شرما اور رویندر جڈیجہ کی سنچریوں اور سرفراز خان کی نصف سنچری کی مدد سے ہندستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 445 رن کا بڑا اسکور بنایا ہے۔
آج یہاں ہندوستانی ٹیم نے کل کے اسکور پانچ وکٹ پر 326 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ دوسرے دن لنچ تک ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹ پر 388 رنز بنائے تھے۔ ہندستان کی چھٹی وکٹ کلدیپ یادو (چار) کی صورت میں گری۔ انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔ جو روٹ نے رویندر جڈیجہ کو کیچ آؤٹ کروا کر پویلین بھیجا۔ جڈیجہ 225 گیندوں میں 112 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اشون-جریل نے آٹھویں وکٹ کے لیے 133 گیندوں میں 57 رن جوڑے۔ روی چندرن اشون 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور دھرو جریل 46 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جبکہ ووڈ نے جسپریت بمراہ کو 26 رن پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ محمد سراج تین رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندستانی ٹیم 130.5 اووروں میں 445 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ریحان احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جو روٹ، ٹام ہارٹلے اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل گزشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور چوتھے اوور میں ہی اوپنر یشسوی جیسوال 10 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ مارک ووڈ کے ہاتھوں جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے شبھمن گل کو بھی ووڈ کے چھٹے اوور میں فاکس کو کیچ کروا کر ہندستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ گل اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ رجت پاٹیدار بھی نویں اوور میں پانچ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کپتان روہت شرما اور رویندر جڈیجہ نے ہندستانی اننگز کو سنبھالا اور دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 204 رن جوڑے۔ روہت شرما نے 196 گیندوں میں 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 131 رن بنائے۔ روہت شرما کو مارک ووڈ نے اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ رویندر جڈیجہ نے 199 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سرفراز خان نے ریکارڈ 48 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ سرفراز 82ویں اوور میں بدقسمتی سے 62 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔