بھوپال، 15 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر لکھا کہ مدھیہ پردیش حکومت غیر جمہوری طریقے سے کام کر رہی ہے۔ جس طرح کانگریس ایم ایل اے اور یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر وکرانت بھوریا کو پرامن احتجاج کی قیادت کرنے کے بعد گرفتار کرکے تین دن تک جیل میں رکھا گیا میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایسی آمریت کے سامنے نہیں جھکے گی اور جدوجہد جاری رکھے گی۔ آپ کو بتا دیں کہ وکرانت بھوریا کو منگل کو دارالحکومت بھوپال میں ایک مظاہرے کے دوران گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بھوریا کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس ریاست بھر میں احتجاج کررہی ہے۔ دریں اثنا جمعرات کو ریاستی صدر جیتو پٹواری اور ایم ایل اے جے وردھن سنگھ بھوریا سے ملنے سینٹرل جیل پہنچے۔مدھیہ پردیش یوتھ کانگریس میڈیا ڈپارٹمنٹ کے صدر وویک ترپاٹھی نے کہا کہ جیتو پٹواری اور جے وردھن سنگھ نے ڈاکٹر بھوریا سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ترپاٹھی کے مطابق اس دوران دونوں لیڈروں نے مدھیہ پردیش حکومت پر سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ جب بی جے پی حکومت میں قبائلی رکن اسمبلی پر اس حد تک تشدد کیا جا رہا ہے تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عام قبائلی نوجوانوں پر کس حد تک تشدد کیاجا سکتا ہے۔