بھوپال، 15 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش اردو اکادمی ،سنسکرتی پریشد ،محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ’’ادب میں نوآبادیاتی ذہنیت سے نجات‘‘ تھیم پر مبنی سہ روزہ جشن اردو کا افتتاح جمعہ کو گوہر محل وی آئی پی روڈ بھوپال میں وزیر محکمہ ثقافت، سیاحت، مذہبی ٹرسٹ اور اوقاف دھرمیندر بھاو سنگھ لودھی کریں گے۔ اس موقع پر پرنسپل سیکریٹری محکمہ ثقافت و سیاحت شیو شیکھر شکلا اور ڈائریکٹر سنسکرتی این پی نامدیو موجود رہیں گے۔ سہ روزہ جشن اردو کا پروگرام 16 فروری سے 18 فروری تک روزانہ دوپہر 3:00 بجے سے رات 10 بجے تک گوہر محل وی آئی پی روڈ بھوپال میں منعقد ہوگا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی اور محکمۂ ثقافت سبھی کی یہ کوشش ہے کہ جو بھی پروگرام محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام منعقد ہوں وہ زبان و ادب کے فروغ کے نظریہ سے بامقصد ہوں۔ اس سال کا یہ پروگرام ’’ادب میں نوآبادیاتی ذہنیت سے نجات‘‘ تھیم پر مبنی ہے ۔جس میں کئی اہم موضوعات پر مبنی سیمینار، گفتگو وغیرہ منعقد ہوں گے۔ ساتھ ہی صوفیانہ محفل، رقص صوفیانہ، کل ہند مشاعرہ، چلمن مشاعرہ شاعرات، محفل طنزومزاح، صوبائی مشاعرہ، بیت بازی، اوپن مائک، کتاب میلہ اور کیلی گرافی ایگزیبیشن وغیرہ بھی جشن کا حصہ ہوں گے۔ اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ دانشوروں، ادیبوں، فلم اور ٹھیٹر کے اداکاروں سے بھی رو بہ رو ہوا جا سکے گا۔
پروگرام کی تھیم کے متعلق بتاتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’کہتے ہیں کہ ادب سماج کا آئینہ ہے‘‘ تو سماج میں جو بھی وقوع پذیر ہورہا ہے اس پر ادیب کی گہری نظر ہونی چاہیے۔
اگر انگریزی نوآبادیاتی ذہنیت سے ہمارا سماج آج بھی متاثر ہے تو نہ صرف ادب میں اس کی مخالفت ہو بلکہ سماج کی درست سمت متعین کرنے کا کام بھی ادب کا ہے ۔ ادب کی تمام اصناف میں تخلیق کرتے وقت ہمارا نظریہ ہندوستانی ہونا چاہیے جو تاریخی، سماجی اور ثقافتی حقائق کی تحقیق کرسکے۔ڈاکٹر نصرت مہدی نے کہا کہ سبھی ادب نواز اور عاشقان فن و شاعری اس سہ روزہ جشن اردو میں بصد احترام مدعو ہیں۔