بھوپال 11نومبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مردِآہن سردار ولبھ بھائی پٹیل نے جدید ہندوستان کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا۔ سردار پٹیل نے متعدد ریاستوں کوضم کرکے متحدہ ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے ملک کے تنوع کواتحاد کے دھاگے میں پرویا۔ آزادی کے وقت سردار پٹیل نے پاکستان میں ہونے والے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کو محفوظ رکھا۔ سردار پٹیل نے اس طاقت میں کلیدی کردار ادا کیا جس کے ساتھ ہندوستان آج وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔ سردار پٹیل کے 150ویں یوم پیدائش پر ان کے شاندار کاموں کی یاد میں ریاست بھر میں اتحاد مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو سردار
ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش پر ’ایک بھارت خودکفیل بھارت‘ کے عزم کے ساتھ بھوپال -سیہور لوک سبھا حلقہ میں نکالے جارہے یونٹی مارچ کو ولبھ بھون کے سردار پٹیل پارک میں خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے شمع روشن کرکے پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد “ایک پیڑ ماں کے نام” مہم کے تحت کٹہل اور آم کے پودے لگائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سردار پٹیل کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور پولس بینڈ کے ذریعہ بجائے گئے حب الوطنی کے گیتوں کی دھنوں کے درمیان ترنگے کے غبارے آسمان پر چھوڑے۔ وندے ماترم یک آواز ہو کر گایا گیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے یونٹی مارچ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یونٹی مارچ میں 2 ہزار سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔
رکن پارلیمنٹ مسٹر آلوک شرما نے کہا کہ مردِآہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر کے ہر پارلیمانی حلقے میں تین روزہ یونٹی مارچ (پدیاترا) کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سردار پٹیل نے 562 ریاستوں کو ضم کرکے متحدہ ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ ہندوستان نے 1947 میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کی، لیکن بھوپال اور جوناگڑھ اور حیدرآباد سمیت کئی شاہی ریاستوں نے ہندوستان میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔ اس کے بعدسردار پٹیل نے ان ریاستوں کو متحدہ ہندوستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریلی بیرسیہ اور سیہور میں بھی نکالی جائے گی۔